چینی شہریوں کیلئے مفت ویزہ سہولت، صنعت کی پاکستان منتقلی فائدہ مند ہو گی،شہباز
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان چین لازوال رشتے میں بندھے ،چینی شہریوں کو14اگست سے مفت ویزہ سہولت فراہم کی جائےگی،مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں،چینی صنعت کی پاکستان منتقلی سودمند ثابت ہوگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے 12 رکنی اعلیٰ سطح کے چینی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
شہباز شریف نے کہا پاکستان میں آپ کا خیرمقدم کرتے خوشی محسوس ہو رہی ہے، یقین ہے دورہ انتہائی مفید ثابت ہو گا، چینی قیادت کےساتھ ملاقاتوں کے نتیجے میں اعلیٰ سطح کے وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں،دونوں ملکوں میں صنعت، زراعت ،خصوصی اقتصادی زونز ،کان کنی، معدنیات ،آئی ٹی میں بھی تعاون فروغ پائے گا،چینی وفد کے دورے سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا،چینی ترقی کے ماڈل پر معیشت کا فروغ چاہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان صنعتی تعاون وقت کا تقاضا ہے، مشترکہ منصوبوں کے ذریعے چینی صنعت کی پاکستان منتقلی فائدہ مند ثابت ہو گی۔
وزیراعظم نے کہابشام واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا ،قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی، چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گئے ،چین پاکستان دوستی پہاڑوں سے اونچی ،سمندروں سے گہری ہے، چین کے تعاون سے پاکستان نے اپنا سیٹلائٹ فضا میں بھیجا ، دونوں ملکوں کی دوستی لازوال رشتے میں بندھی ہے۔
دریں اثنا دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی زیر قیادت 5 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہانوجوانوں کو جدید تعلیم و فنی تربیت فراہم کرنا ترجیح ہے،کامن ویلتھ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کنسورشیم میں شمولیت سے نوجوانوں کو تربیت کے مواقع میسر ،جدید عالمی ایجادات سے مستفید ہو سکیں گے اور پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کےلئے زیادہ بااختیار ہوں گے۔

















