اسلام آباد:(بیورورپورٹ) پاکستان ،ترکمانستان اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق ،پاکستان نے ترکمانستان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دےدی۔
مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں ، ہم نے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کیا ، خوشی ہے پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات مثبت سمت کی طرف بڑھ رہے ہیں ، ملاقات میں ہم نے دوطرفہ ایجنڈے کے ساتھ علاقائی و عالمی پیشرفت کا احاطہ بھی کیا، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے مضبوط تعلقات چاہتے ہیں، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا ترکمانستان کے قومی رہنما گربان گلی بردی محمدو¿ف کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، گربان گلی بردی محمدو¿ف کا متوقع دورہ دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت دےگا،وزیرخارجہ ترکمانستان کو سرمایہ کاری کےلئے ایس آئی ایف سی کے اہم کردار سے آگاہ کیا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی کے ترجیحی شعبوں میں روابط بڑھانے پرغورکیا گیا، ہم نے سیاست، معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پراتفاق کیا۔
نائب وزیر اعظم نے مزید کہا ترکمانستان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، ترکمانستان کی کمپنیاں گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھائیں، پاکستانی بندرگاہیں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے لیے پرکشش موقع فراہم کرتی ہیں۔
ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو نے خطاب کرتے ہوئے کہا مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، ملاقات میں توانائی ،سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے مختلف امور پر گفتگو ہوئی ، پاکستان ہمارا دوست اور بردار ملک ہے، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لیا، جس میں دونوں ممالک کے مختلف شعبوں میں بھر پور تعاون کی یقین دہائی کرائی گئی ہے،قبل ازیں ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو دفتر خارجہ پہنچ گئے جہاں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحا ق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستان نے ترکمانستان کی کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دےدی
















