عزم استحکام کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (مشرق نیوز) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی سنجیدہ امور کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے، عزم استحکام فوجی آپریشن نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط مہم ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ عزم استحکام سے متعلق 22 جون کو اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ ہوا کہ دہشت گردی کے خلاف مہم کو عزم استحکام کے نام سے منظم کیا جائیگا اور قومی دھارے کے تحت اتفاق رائے پیدا کیا جائیگا، عزم استحکام کا مقصد دہشت گردوں اور جرائم پیشہ مافیا کا تعلق ختم کرنا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری ہوا اور ایک کنفیوڑن پھیل گئی، بیانیہ بنادیا گیا کہ آپریشن ہورہا ہے اور لوگوں کو ان کے علاقوں سے نکالا جارہا ہے، قومی وحدت کے معاملے کو بھی سیاست کی نذر کردیا گیا۔