اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں لوگ لاپتہ ہو جاتے ہیں، ریاست کو کچھ پتہ نہیں ہوتا، یہ حکومت کیا کر رہی ہے؟،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر نے پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈی نیٹر احمد جنجوعہ کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر لاپتہ احمد وقاص جنجوعہ کی اہلیہ فرہانہ برلاس کی جانب سے ایڈووکیٹ ایمان مزاری عدالت کے روبرو پیش ہوئیں، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بھی عدالت میں پیش ہوئے،وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا یونیفارم میں کچھ نقاب پوش 20 جولائی صبح 4 بجے احمد جنجوعہ کو زبردستی اٹھا کر لے گئے، عدالت نے دریافت کیا کیا وہ پولیس حکام وردی میں تھے؟ وکیل نے بتایا کچھ افسران وردی میں تھے اور کچھ نقاب پوش تھے،عدالت نے ریمارکس دیئے ایڈووکیٹ جنرل کو بلایا ہے، ہم اٹارنی جنرل کو بھی بلائیں گے، جسٹس ارباب طاہر نے کہا ان کے پاس سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ہے، بلوچستان، خیبر پختونخوا میں یہ سب کچھ ہو رہا تھا اب اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے، ریاست کو کچھ معلوم نہیں ہوتا، یہ حکومت کیا کر رہی ہے، احمد جنجوعہ کو بازیاب کرانے میں کتنا وقت چاہیے؟، عدالت نے سرکاری وکیل کو احمد جنجوعہ سے وکیل اور فیملی کی ملاقات کی ہدایت دیتے ہوئے احمد وقاص جنجوعہ کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی،علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے میڈیا کوآرڈی نیٹر احمد وقاص جنجوعہ کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا،اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں پی ٹی آئی کوآرڈی نیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں پیش کیا گیا،تفتیشی افسر نے احمد وقاص جنجوعہ کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے احمد وقاص جنجوعہ کا 7 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر تے ہوئے پی ٹی آئی کوآرڈی نیٹر کو دوبارہ 29 جولائی کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لوگ لاپتہ ہوجاتے ہیں، ریاست کو کچھ پتہ نہیں ہوتا: اسلام آباد ہائیکورٹ،احمد وقاص جنجوعہ کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
















