لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کا راز آئی ٹی میں مضمر ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب کے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی سکلز سے روشناس کروانے کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ گریجوایٹس کو ڈگری کیساتھ ضروری مہارتوں پر عبور حاصل کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ارفع کریم ٹاور میں آئی ٹی اور انٹرپینورشپ ماہرین کے وفد سے سے ملاقات کے دوران کہی۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ آئی ٹی سٹی کے تحت مختلف شہروں میں آئی سنٹر قائم کئے جا رہے ہیں۔ ان سنٹرز کو مرحلہ وار پورے پنجاب میں پھیلایا جائیگا۔ موجودہ دور ٹیکنالوجی، آرٹی فیشل انٹیلی جنس، روبوٹیکس اور ای کامرس کا دور ہے۔ ترقی کا سفر آئی ٹی کے راستے سے ہو کر گزرتا ہے۔ آئی ٹی اور فنی سکلز پر عبور حاصل نہ کر سکنے والی قومیں ترقی کا سفر کبھی طے نہیں کرسکتیں۔ ہمارا ویژن پنجاب کے تمام نوجوانوں اور افراد کو دور حاضر کی جدید مہارتیں سکھانا ہے۔ انہی مہارتوں کے ذریعے نوجوانوں کو اس قابل بنائیں گے کہ وہ بے روزگاری جیسے کرائسز کا مقابلہ کرسکیں گے، وفد کی قیادت شہزاد روشن گیلانی نے کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کوارڈی نیشن ڈاکٹر تنویر قاسم اور ڈائرکٹر ٹریننگ ڈاکٹر آصف منیر بھی موجود تھے۔وفد میں سی ای اوز حنین زیدی، عماد ملک، ڈاکٹر افتخار بخاری، شعیب صابر، عظیم اکرم، فوزیہ بدر اور فاروق شریک ہوئے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تکنیکی مہارتوں پر عبور نہ رکھنے والی قومیں ترقی نہیں کرسکتیں:ڈاکٹر شاہد منیر
















