راولپنڈی، لاہور :(بیورو رپورٹ+ کرائم رپورٹر) سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان 9 مئی مقدمات میں بھی گرفتار، نئے توشہ خانہ ریفرنس میں اہلیہ سمیت 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، وفاقی حکومت نے دونوں کے جیل ٹرائل کی منظوری دےدی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی لاہور میں درج 9 مئی مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی۔ لاہور پولیس کی 12 رکنی ٹیم قانونی ضابطے مکمل کرکے اڈیالہ جیل پہنچی اور تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا۔ ڈی ایس پی احمد عثمان کی سربراہی میں پولیس ٹیم میں 11 تفتیشی شامل تھے، تفتیشی ٹیم نے جناح ہاوس، عسکری ٹاور اور شادمان تھانہ حملہ کیس پر سوالات کئے، تفتیش میں ڈیجیٹل شواہد و گرفتار ملزموں کے بیانات کی روشنی میں پوچھ گچھ کی گئی۔ 9 اور 10 مئی کو پیش آنےوالے واقعات پر بھی سوالات کئے گئے۔
پولیس نے راولپنڈی کی عدالت سے عمران خان کو لاہور منتقل کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے سکیورٹی خدشات کے باعث منتقلی کی اجازت نہیں دی۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان پیر کو ویڈیو لنک پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوں گے، جناح ہاوس حملے میں تفتیش کےلئے ریمانڈ کی استدعا کی جائےگی۔
دوسری جانب احتساب عدالت کے جج نے عمران اور بشریٰ کیخلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس پر اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ دوران سماعت ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون نے دونوں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عمران اور بشریٰ کے وکلا چودھری ظہیر عباس اور عثمان گل ایڈووکیٹ کی جانب سے مخالفت کی گئی۔ عدالت نے دونوں کا 8، 8 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور 22 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سماعت کے آغاز پر میڈیا کی غیرموجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا اگر میڈیا نہیں آتا تو واک آوٹ کرجاوں گا، سابق وزیراعظم کے اعتراض پر عدالت نے میڈیا نمائندگان کو جیل کے اندر بلانے کا حکم دیا، میڈیا نمائندوں کے عدالت میں داخل ہوتے ہی سماعت کا آغاز ہوا۔
عمران خان نے روسٹرم پر آکر جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا جج صاحب میری بیوی کا توشہ خانہ سے کچھ لینا دینا نہیں، صرف مجھے اذیت پہنچانے کےلئے بشریٰ کو جیل میں ڈال رکھا ہے، میری اہلیہ کو بادشاہ سلامت ٹارگٹ کررہے ہیں۔ عمران خان نے کہا رات 12 بجے بتایا جاتا ہے صبح نیا کیس لگے گا، نیب والے روبوٹ ہیں تنخواہ دیکر جو مرضی کام کرالیں، پہلے جس ریفرنس میں سزا ہوئی وہ جیولری سیٹ میرے پاس ہے، قیمت ایک کروڑ 80 لاکھ تھی لیکن سوا 3 ارب کردی گئی، میں صرف اپنی بیوی کی بات کرتا ہوں، دوبارہ گرفتار کرکے بہت غلط کیا، پہلے آفتاب سلطان و دیگر لوگ مستعفی ہوئے کیونکہ یہ غلط فیصلے کرانا چاہتے تھے، دوسرا کیس اس لئے بنایا کیونکہ پتہ چل گیا پہلا سیٹ ہمارے پاس ہے، جنگل کے بادشاہ نے سب کچھ کرایا، مجھے جیل میں ڈالیں اہلیہ کو تو چھوڑ دیں، جج صاحب آپ اللہ کو جوابدہ ہیں، آئی ایس آئی کو نہیں، جج بشیر نے کہا تھا سر پر بندوق رکھ کر فیصلہ لیا گیا۔ سماعت کے دوران عمران اور بشریٰ ایک ساتھ بیٹھے رہے۔
ادھر توشہ خانہ کے نئے کیس میں عمران اور بشریٰ کا ٹرائل جیل میں ہی کرنے کی منظوری دےدی گئی۔ وفاقی حکومت کے مطابق جیل ٹرائل کا اعلامیہ نیب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو عمران اور بشریٰ کا ٹرائل جیل میں کرے، جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن سے دونوں کوآگاہ کردیا گیا۔
دوسری جانب عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری نے اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان اور بشریٰ کی توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں گرفتاری غیر قانونی ہے، نئے ریفرنس پرکوئی معلومات نہیں دی گئیں، نیب کی غیرقانونی گرفتاری کو ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کریں گے۔
عمران خان 9 مئی مقدمات میں بھی گرفتار ،توشہ خانہ ریفرنس میں اہلیہ سمیت 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
















