معیشت مستحکم،جدید نظام اور بندرگاہوں تک آسان رسائی کی بدولت پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے، وزیراعظم

کراچی:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے معیشت مستحکم اورترقی کی جانب گامزن ہے،جدید نظام اور بندرگاہوں تک آسان رسائی کی بدولت پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے،وسط ایشیائی ریاستوں نے تجارت کیلئے پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کردیا،ان خیالات کااظہار انہوں نے شہر قائد میںکراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس کے دوران بندرگاہوں ،نیشنل فلیگ کیرئیر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے،حال ہی میں دورہ قازقستان کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور وسط ایشیائی ممالک کے رہنماﺅں سے ملاقات ہوئی، پاکستان سمندری تجارت کا سب سے موزوں راستہ فراہم کرتا ہے ،وسط ایشیائی ریاستوں نے ملکی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ،جدید نظام اور بندرگاہوں تک آسان رسائی کی بدولت پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکراچی میں موجود بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈیشن کی صنعت سے برآمدات میں اضافہ کریں گے،پورٹ قاسم ،کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جدید آلات و مشینری کی تنصیب سے کسٹمز کلیئرنس کے وقت کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،بندرگاہوں پر سکیننگ کی جدیدمشینری کی جلد تنصیب یقینی بنائی جائے،بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل فائدہ اٹھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

شہبازشریف نے کہاکراچی پورٹ ٹرسٹ تک اور سامان کی بلاتعطل ترسیل یقینی بنانے کیلئے لیاری ایکسپریس وے کو کارگو ٹریفک کیلئے 24گھنٹے کھلا رکھا جائے،سامان کی ترسیل کو مزید بہتر بنانے کیلئے ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے جوڑا جائے،کراچی پورٹ تک اور ریل کے ذریعے سامان ترسیل کی استعداد کو بڑھایا جائے،پورٹ قاسم پر ایل این جی جہازوں کی فیس کم کرکے بین الاقومی سطح پر رائج ریٹس کے مطابق مقرر کیا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہاپاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اپنی لاگت کم اور آپریشنز موثربنانے کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دے کر جلد پیش کرے،ملک میں نجی شعبے کی ترقی، کاروبار میں آسانی و سرمایہ کاروں کو سہولت ترجیحات ہیں،معیشت مستحکم اور پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے،برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے برآمد کنندگان کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

دریں اثنا وزیراعظم سے تاجر برادری نے ملاقات کرکے بندرگاہ پر درپیش مشکلات ،شپنگ لائنز کی زیادتیوں سے آگاہ کرتے ہوئے پورٹ کے انفرا سٹرکچر کو بہتر بنانے کا مطالبہ کر دیا، شہبازشریف نے پورٹ پر کلیئرنس میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو درپیش مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کردی۔

تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہابجلی سستی ہوگی تو برآمدات 6 ارب ڈالر تک بڑھا دیں گے، ایکسپورٹ بڑھے گی تو بیرونی قرض کی ضرورت نہیں ہوگی،تاجروں نے ایکسپورٹرز پر فکسڈ ٹیکس ختم کرنے پر تحفظات سے بھی آگاہ کیا،وزیر اعظم نے اگلے ہفتے ایف پی سی سی آئی سے پورٹ پر بہتری کیلئے تجاویز مانگ لیں۔

مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف نے کراچی بندرگاہ پرہیچھ سن پورٹ ساو¿تھ ایشین پاکستان ٹرمینل کا دورہ کیا،تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو بتایا گیا پورٹ ٹرمینل کو جدید طریقے سے چلایا جارہا ہے،پورٹ ٹرمینل پر جدید سکینرز نصب کردئیے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے حوالدار لالک جان نشان حیدر کویومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاحوالدار لالک جان شہید نشان حیدر، اہل خانہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کا فخر ہیں،قوم وطن کی خاطر اپنے لہو کی قربانی دینے والے عظیم شہدا کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہاحوالدار لالک جان شہید نشان حیدر نے جرات و شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا،عظیم قربانی افواج پاکستان کے ملک کی حفاظت کیلئے غیر متزلزل عزم کی لازوال مثال ہے،بحیرہ عرب کے گہرے سمندروں سے لےکر سیاچن کے شدید سرد موسم میں سرحدوں کی حفاظت پر مامور فوج کے ہر جوان کو جذبہ حب الوطنی ،فرض شناسی پر پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔