عمران کی رہائی سے خطرہ نہیں، حکومت بات چیت کیلئے تیار ہے:خواجہ آصف

اسلام آباد،سیالکوٹ :(بیورورپورٹ)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے عمران خان کی رہائی سے کوئی خطرہ نہیں، اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتے ہیں تو کرلیں،حکومت بات چیت کیلئے تیار ہے،سیاست میں اپ ڈاﺅن آتے رہتے ہیں ،خطرہ نہیں سمجھنا چاہیے،آپریشن عزم استحکام فوج نہیں ہماری ضرورت ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا نہیں سمجھتا عمران خان وزیراعظم کی مفاہمتی پیشکش کو سنجیدہ لیں گے لیکن حکومت مذاکرات کیلئے تیار ہے، پی ٹی آئی ،اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات پر کوئی اعتراض نہیں ،بانی پی ٹی آئی اگر اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں تو کرلیںاگر سیاسی طاقتیں ملکر ملک کےلئے بہتری کا راستہ نکالنا چاہتی ہیں تو اسٹیبلشمنٹ کو کیا اعتراض ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہاسیاسی معاملات کو سیاسی طریقے سے نمٹنا چاہیے،عمران خان نے رہائی کے بعد بھی طرزسیاست نہ بدلی توپھراستحکام نہیں آئے گا، ملک میں سیاسی لڑائی بڑھے گی، معیشت بہتر نہیں ہوگی ،پی ٹی آئی کامقصد بھی یہی ہے پاکستان معاشی استحکام حاصل نہ کرسکے۔

خواجہ آصف نے کہاماضی میں کیے جانے والے فوجی آپریشنز کے بعد ملک میں دہشتگردی دوبارہ بڑھنے کی توقع نہیں تھی، آپریشن عزم استحکام فوج نہیں ہماری ضرورت ہے، حکومت کی بھی ذمہ داری ہے اور ذمہ داری لینی بھی چاہیے، دہشت گردی کی حالیہ لہر سے نمٹنے کےلئے نئے جذبے ،شدت کےساتھ آپریشن کی ضرورت ہے۔

وزیر دفاع نے کہادہشتگردی کے واقعات میں گزشتہ ایک سال میں شدت کے بعد نئی صف آرائی کی ضرورت تھی ، آپریشن سے کوئی نقل مکانی نہیں ہوگی ،آپریشن انٹیلی جنس بنیادوں پر کیا جائے گا،گزشتہ ایک دہائی میں کئی واقعات بڑھتی دہشتگردی کا باعث بنے ،افغانستان سے نیٹو ،امریکی افواج کا انخلا اور پاکستان میں عمران حکومت کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے جنگجووں کو ملک واپس لانا شامل ہے۔

خواجہ آصف نے کہا امید تھی افغان حکومت تعاون کرے گی مگر وہ طالبان عسکریت پسندوں کےخلاف کارروائی کرنے کےلئے تیار نظر نہیں،طالبان سے بات چیت کے بعد 4 سے 5 ہزار جنگجوﺅں کو واپس لانے کا تجربہ ناکام رہا،افغانستان سے کارروائیاں کرنے والوںکوپاکستان میں پناہ گاہیں مل گئیں اب وہ آکرگھروں میں رہتے پھر کارروائیاں کرتے ہیں، پاکستان افغانستان میں طالبان ٹھکانوں کےخلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔

دریں اثناگورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ کے پانچویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا حکومتی خرچے پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لگاکر ڈاکٹر بننے والی لڑکیاں شادی کرکے ہاوس وائف بن جاتی ہیں،طالبات نے ڈگری کے حصول کے بعد گھر تک محدود نہیں رہنا بلکہ اس علم کو بانٹنا ہے اور معاشرے کا اہم ،مفید شہری ہونے کا ثبوت دینا ہے، علم پھیلانے سے بڑھتا ہے کم نہیں ہوتا ،روشنی بڑھتی چلی جاتی ہے،بیٹیاں پڑھی لکھی ہوں گی تو بہتر معاشرہ تشکیل پائے گا،تعلیم حاصل کرکے ہاو¿س وائف بن جانا ہے تو ڈگری کا کوئی فائدہ نہیں، تمام ڈاکٹرز بننے والی لڑکیاں عملی طور پر فیلڈ میں آئیں اور معاشرے کا اہم رکن بنتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔