کراچی (مشرق نیوز) بچوں کی انسانی سمگلنگ اور دستاویزات میں ردوبدل سے متعلق کیس میں گواہوں نے صارم برنی پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کر دیئے۔ صارم برنی کیس میں گواہوں کی جانب سے ریکارڈ کرائے گئے بیانات کی کاپی میڈیا نے حاصل کر لی جس میں خاتون افشین نے عدالت میں ریکارڈ کرایا جس میں انکا کہنا تھا میں نے اپنی بچی ایک لیڈی ڈاکٹر کو دی تھی جس نے بچی ایک اور خاتون کو دیدی اور اس خاتون نے بچی صارم برنی کو دیدی۔
افشین کا اپنے بیان میں کہنا تھا لیڈی ڈاکٹر کی نرس مجھے صارم برنی کے پاس لے گئی تھی، میں نے صارم برنی کے آگے ہاتھ جوڑے کہ غلطی ہو گئی میری بچی مجھے واپس دیدیں لیکن صارم برنی نے کہا بچی نہ آپکو دیں گے نہ اس خاتون کو دیں گے۔ خاتون کے ریکارڈ کے مطابق صارم برنی نے کہا بچی اسے دیں گے جو صحیح طرح اسے رکھے گا، میں لیڈی ڈاکٹر سے گھر کے اخراجات کی مد میں پیسے لیتی تھی، میں اس بچی کی حقیقی ماں ہوں۔
بچی لینے والی خاتون بشریٰ نے بھی عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا جس میں ان کا کہنا تھا لیڈی ڈاکٹر اور اسکی نرس نے کورنگی میں ہمیں بچی دی اور ہم سے شناختی کارڈ کی کاپی لی، دو دن بعد لیڈی ڈاکٹر اور اسکی نرس نے ہمیں بلیک میل کرتے ہوئے 6 لاکھ روپے مانگے، بعد میں ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں ہمیں بلایا گیا۔
خاتون بشریٰ نے عدالت کو بتایا کہ ٹی وی پروگرام کے بعد ہم ٹرسٹ سے بچی لےکر چلے گئے، ایک ہفتے بعد ٹرسٹ والوں نے واپس بلایا، ٹرسٹ والوں نے کہا بچی نہ آپ کو ملے گی نہ اسکی ماں کو بلکہ یہ صارم برنی ٹرسٹ میں جمع ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا ایف آئی اے نے ہمیں جو اقرار نامہ دکھایا اس میں لکھا ہے بچی ہماری ہے لیکن ہم پال نہیں سکتے، وہ حلف نامہ ہم نے سائن ہی نہیں کیا، بعد میں ہمیں ایف آئی اے نے بلایا تو پتہ چلا بچی امریکہ میں کسی فیملی کو دیدی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سماجی رہنما صارم برنی کو امریکہ کی جانب سے انسانی سمگلنگ کی شکایات پر کچھ روز قبل کراچی ائیرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا تاہم صارم برنی اپنے اوپر لگے تمام الزامات کو غلط قرار دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔
انسانی سمگلنگ کا کیس، گواہوں کے صارم برنی پر سنگین نوعیت کے الزامات
















