شہری بازیابی کیس، سیکٹر کمانڈرز آئی ایس آئی، ایم آئی کو دستخط کیساتھ رپورٹ جمع کرانے کاحکم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آزاد کشمیر کے شہری بازیابی کیس میں آئی ایس آئی ،ایم آئی سیکٹر کمانڈرز کو دستخط کےساتھ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دےدیا۔

شہری خواجہ خورشید کی بازیابی کےلئے دائر درخواست پر جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی،سرکاری وکیل نے کہا خواجہ خورشید کےخلاف پولیس کے پاس کوئی مقدمہ درج نہیں ،جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا پولیس ،ایف آئی اے کی رپورٹ آ گئی، وزارت دفاع کی رپورٹ کہاں ہے؟ نمائندہ وزارت دفاع نے کہاگزشتہ روز نوٹس ملا، تھوڑا وقت دےدیں،جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے آئی ایس آئی ،ایم آئی کے سیکٹر کمانڈرز سے کہیں اپنے دستخط کےساتھ رپورٹ جمع کرائیں، سیکرٹری دفاع کو تو پتہ ہی نہیں ہوتا ہو کیا رہا ہے، دونوں افسروں کے دستخط کےساتھ پیر کو رپورٹ عدالت میں پیش کریں،وکیل نے کہا 18، 19 دن ہوگئے ایک شخص لاپتہ ہے، چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اور سب پریشان ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے رپورٹ آ جائے تو پھر دیکھ لیتے ہیں،دستخط کےساتھ رپورٹ کے نتائج ہوں گے،نمائندہ وزارت دفاع نے استدعا کی پیر تک کا وقت دے دیا جائے، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے پیر کو خالد خورشید کو 21 دن ہو جائیں گے، کسی دہشتگردی یا ریاست مخالف سرگرمی میں شامل ہے تو کارروائی کریں،کسی کو اعتراض نہیں ہوگا،ہائیکورٹ نے مزید سماعت24جون تک ملتوی کردی۔