اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی کا بیانیہ ملک مخالف، ملک سے باہر بھی پاکستان کیخلاف سازشیں کررہی ہے، قانون کے مطابق کارروائی کی جائےگی، حکومت نے واضح کردیا۔
ترجمان حکومتی قانونی امور بیرسٹرعقیل ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ملک مخالف بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، سیاسی جماعت نے تمام حدیں پار کردیں، ایک سال سے اینٹی پاکستان ایجنڈے میں تیزی آئی ، عدم اعتماد کے بعد ایبسلوٹلی ناٹ کا بیانیہ دیا گیا، ایک طرف ایبسلوٹلی ناٹ دوسری طرف امریکی فرم ہائر کی جاتی ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہافرم ہائر کرکے بیرون ملک سے ریاست مخالف ایجنڈا چلایا جا رہا ہے، مخصوص سیاسی جماعت دوست ممالک سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے، تمام لوگوں کے تانے بانے مخصوص سیاسی جماعت سے ملتے ہیں، ملک مخالف سازشیں کرنے میں پی ٹی آئی کا کوئی ثانی نہیں، پاکستان آزاد و خود مختار ملک ہے، اوورسیزپاکستانیوں کو استعمال کیا جا رہا ہے، چند عناصرملک مخالف ایجنڈے پرکام کر رہے ہیں، قانون کے مطابق کارروائی کی جائےگی۔
ترجمان حکومتی قانونی امور نے مزید کہاپاکستان مخالف ایجنڈے کو فروغ دینے کےلئے زورو شور سے کام کیا گیا،کانگریس وومن کی جانب سے 3 قرار دادیں پیش کی گئیں، ترمیم میں پاکستان کی ملٹری و سکیورٹی امداد روکنے کا مطالبہ کیا گیا،پاکستان کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتا، تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتےہیں۔
پی ٹی آئی کابیانیہ ملک مخالف،کارروائی ہوگی،حکومت نے واضح کردیا
















