ہتک عزت قانون،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کیلئے نوٹس

لاہور: (کورٹ رپورٹر)ہتک عزت قانون کےخلاف درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کےلئے نوٹس،لاہور ہائیکورٹ نے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس امجد رفیق نے پنجاب میں ہتک عزت قانون کےخلاف سیکرٹری پی ایف یو جے ،ایمنڈ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی،درخواست گزار کے وکیل نے کہا قانون کو لانے کا مقصد پروفیشنل صحافیوں کو کام سے روکنا ہے،جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا آپ کو نہیں لگتا اس طرح کا قانون ہونا چاہیے ،وکیل اظہر صدیق نے کہا قانون پہلے سے موجود ہے،قانون کی ضرورت نہیں تھی، قانون آزاد عدلیہ کو بھی متاثر کررہا ہے۔

عدالت نے کہامطلب قانون کو بہتر کیا جاسکتا ہے، کیا آپ نہیں سمجھتے قانون ہونا چاہیے ، صبح صبح اٹھو تو عجیب عجیب وی لاگر وی لاگ کررہے ہوتے ہیں،وکیل ابوذر سلمان نیازی نے کہاقانون کا مقصد فیک نیوز ختم کرنا نہیں بلکہ بنیادی حقوق ختم کرنا ہے، جسٹس امجد رفیق نے کہا درخواستوں میں بہت اہم نکات اٹھائے گئے ،صدر پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہا گیا مشاورت کے بعد قانون سازی کریں گے، پروفیشنل صحافی ذمہ داری کے ساتھ خبر دیتا ہے،عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 4جولائی تک ملتوی کردی۔