اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بانی پی ٹی آئی عمران خان ایک اور مقدمے میں بری ہو گئے،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آزادی مارچ توڑ پھوڑ کیس میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید و دیگر کو بری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملک عمران نے آزادی مارچ توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے حوالے سے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے کا محفوظ فیصلہ سنا دیا،عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کر دیا، صداقت عباسی، علی نواز اعوان سمیت دیگر ملزمان بھی بری ہونے والوں میں شامل ہیں ۔
دریں اثنا وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں بریت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا،سپریم کورٹ میں وزارت داخلہ کے ذریعے ہائی کورٹ کے فیصلے کےخلاف اپیلیں دائر کردی گئیں۔
درخواست میں مو¿قف اپنایا گیا ہائیکورٹ کو سائفر کیس میں اپیل سننے کا اختیار ہی نہیں، یہ اصول طے شدہ ہے جب پارلیمنٹ قانون میں کوئی بات نہ لکھے تو عدالتی فیصلے کے ذریعے اس میں اضافی نہیں کیا جا سکتا، عمران خان اور شاہ محمود قریشی کا سائفر ٹرائل کے دوران عدم تعاون کا رویہ رہا، ریکارڈ سے ثابت ہے دونوں ملزمان نے ٹرائل کے دوران 65 متفرق درخواستیں دائر کیں، متعدد بار ملزمان کی استدعا پر سماعتیں ملتوی ہوتی رہیں، سائفر کیس میں گواہان پیش ہوئے لیکن ملزمان کے وکلا نے ان پر جرح نہیں کی، ملزمان کے وکلا کو سرکاری خرچ پر وکیل مہیا کیا گیا۔
درخواست کے مطابق اصول طے شدہ ہے کسی ٹرائل میں قانونی تقاضے پورے نہ ہوں تو معاملہ دوبارہ ٹرائل کےلئے بھیجا جاتا ہے، سائفر کیس میں استغاثہ نے ٹھوس شواہد پیش کیے، استغاثہ نے سائفر کیس میں دستاویزی اور فرانزک ثبوت پیش کیے جنہیں ٹرائل کے دوران جھٹلایا نہیں گیا، اسلام ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں پیش کیے گئے ٹھوس شواہد کو مدنظر نہیں رکھا، استدعا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 جون کے سائفر کیس میں بریت کے فیصلے کےخلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کی جائیں ۔
علاوہ ازیں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 9مئی کے واقعات پر قائم مقدمے میں شہریار خان آفریدی اور دیگر کو بری کر دیا،جوڈیشل مجسٹریٹ ملک عمران نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
عمران ایک اور مقدمے میں بری،سائفر کیس میں بریت سپریم کورٹ میں چیلنج
















