فاٹا میں سالانہ 100 ارب لگانے کا وعدہ 8 برس بعد بھی پورا نہ ہوا:فضل الرحمن

اسلام آباد(بیورورپورٹ) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمن سے قبائلی مشاورتی جرگے نے ملاقات کی اور اپر جنوبی وزیرستان میں مختلف آپریشن کے نقصانات کا معاوضہ نہ ملنے پر بات چیت کی،رہنما جرگہ جاوید محسود نے کہا80 ہزار خاندانوں کا سروے ہوچکا جنہیں ٹوکن دیا گیا، 48 ہزار خاندانوں کو نقصانات کا معاوضہ دیا گیا بقیہ ابھی تک محروم ہیں، یہ انتہائی غریب لوگ ہیں، 2017ءمیں ٹوکن دیا ہے لیکن اب تک نقصانات کا معاوضہ نہیں دیا،جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمن نے کہا دہشت گردی ایسی ختم نہیں ہوسکتی، دہشت گردی کی وجہ سے لوگ مختلف شہروں میں آباد ہوگئے، حالت یہ ہے اپر جنوبی وزیرستان کے علاقے میں ایک جلسے کے موقع پر مجھے ایک سکول میں بٹھایا گیا کیونکہ وہاں کے سارے گھر تباہ ہوگئے تھے، سابق فاٹا کے لوگوں کےساتھ لکھ کر وعدہ کیا گیا تھا، ان لوگوں کےساتھ ہر سال 100 ارب روپے فاٹا میں لگانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن 8 سال گزر گئے، 8 برس میں 100 ارب روپے بھی نہیں لگائے گئے، فضل الرحمن نے کہا 4 لاکھ روپے میں ایک کمرہ بھی نہیں بن سکتا، کیا 4 لاکھ پر کوئی گھر بن سکتا ہے؟ اپر جنوبی وزیرستان کے لوگوں کے نقصانات کے معاوضے کےلئے اقدامات اٹھانے چاہیے، قبائلیوں کےساتھ ہر مشکل گھڑی میں ساتھ ہوں اور قبائلی جرگہ جلد از جلد بلائیں گے،سربراہ جے یو آئی نے کہا مرجر ہوا لیکن عمل درآمد اب تک کچھ بھی نہیں ہوا، سابق فاٹا میں لینڈ ریکارڈ کیلئے اب تک کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے، نقصانات کے معاوضے کے لیے آپ لوگوں کے ساتھ ہوں۔