سیاحتی فروغ کیلئے پالیسی تمام فریقوں کی مشاورت سے تشکیل دی جائیگی :رانامشہود احمدخان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانامشہود احمدخان نے کہا ہے کہ سیاحت کی بحالی پاکستان کی معاشی بحالی ہے،تمام فریقوں کی مشاورت سے سیاحت کے فروغ کیلئے پالیسی تشکیل دی جائیگی، نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت سمیت دیگر مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ پیر کو پاکستان ٹریول سمپوزیم میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاحت کی بحالی پاکستان کی معاشی بحالی ہے۔ ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت ملک کی معاشی بحالی کیلئے پالیسی سازی پر کام کررہی ہے ۔ ہم نوجوانوں کیلئے شمولیتی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے میرٹ پر مبنی پالیسیاں تشکیل دی جارہی ہیں، ہم نوجوانوں کی صلاحیتیں دنیا کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح سیاحت کی صنعت کافروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس حوالے سے حکومت ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ۔پالیسیوں کے تسلسل سے استحکام آتا ہے۔ پنجاب یوتھ پالیسی لانے والا پہلا صوبہ ہے، ہم نے پنجاب میں نوجوانوں کو ہنر کی تعلیم دی اور لیپ ٹاپ تقسیم کئے ۔ پنجاب کی طرح دیگر صوبوں میں نوجوانوں کی ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان کا جھنڈا فخر سے بلند کرنا چاہتے ہیں۔ تمام فریقوں کی مشاورت سے سیاحت کے فروغ کے لئے پالیسی تشکیل دی جائے گی۔ اس سے ملک کا مثبت تشخص دنیا میں اجاگر ہو گا۔