پاکستان میں امراض قلب میں مبتلا بچوں کی پیدائش بڑھ رہی ہے :سلمان رفیق
لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پاکستان چلڈرنز ہارٹ فاونڈیشن کا دورہ کیا۔چیئرمین فرحان احمد نے خواجہ سلمان رفیق کو پاکستان چلڈرنز ہارٹ فاونڈیشن کی ورکنگ بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے یونیورسٹی آف لاہور میں زیرتعمیرہسپتال کا بھی دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ایم ایس ڈاکٹر زاہد پرویز نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس روف، ایم ایس ڈاکٹر زاہد پرویز، عمارہ اویس، فرحان احمد، ڈاکٹر علی ناصر، ڈاکٹر ارسل، ڈاکٹر عاصم، عائشہ، حاجرہ، فواد، پروفیسر عظمی و دیگر موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جناح ہسپتال، میوہسپتال، گنگارام ہسپتال، وزیر آباد اور فیصل آباد میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ اور ہسپتالوں کی استعدادکار بڑھائی جا رہی ہے۔ پاکستان میں ہر سال امراض قلب کے ساتھ پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد میں بدقسمتی سے اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ سرکاری کارڈیالوجی ہسپتالوں میں سرجریز کی تعداد کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرگودھا میں نواز شریف سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی ہسپتال بنانے جا رہے ہیں۔ پاکستان چلڈرنز ہارٹ فاونڈیشن کی اس نیک کاوش میں ان کے ساتھ ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوام کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ پنجاب میں بد قسمتی سے پانچ سال ٹیچنگ کیڈر کی بھرتی پر پابندی عائد کئے رکھی۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے خدمت انسانیت میں پیش پیش پاکستان چلڈرنز ہارٹ فاونڈیشن کی کاوشوں کو بے حدسراہا۔چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس روف نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی یونیورسٹی آف لاہور میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔چیئرمین پاکستان چلڈرنز ہارٹ فاونڈیشن فرحان احمد نے کہاکہ خواجہ سلمان رفیق ہمارے پراجیکٹس کی قیادت فرمائیں۔ ہم نے اللہ تعالیٰ کا نام لے کر خدمت انسانیت کا سفر شروع کیا ہے۔
















