اسلام آباد (مشرق نیوز) آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کے ایک اور راونڈ کا غیر نتیجہ خیز اختتام ہوگیا۔ مذاکرات میں فریقین کے درمیان تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار طبقے پر نئے انکم ٹیکس ریٹس، زراعت اور ہیلتھ سیکٹر پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کے عائد کئے جانے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں4لاکھ 67 ہزار ماہانہ سے زیادہ کمانے والے تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار طبقے پر 45 فیصد انکم ٹیکس عائد کرنے پر بحث ہوتی رہی، اس وقت سب سے زیادہ انکم ٹیکس 5 لاکھ روپے ماہانہ کمانے والے افراد پر 35 فیصد عائد ہے۔
تاہم فریقین نے ایکسپورٹرز پر انکم ٹیکس بڑھانے پر اتفاق کرلیا جنہوں نے رواں سال صرف 86 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرایا ہے، جو کہ تنخواہ دار طبقے کی طرف سے جمع کرائے گئے ٹیکس سے 280 فیصد کم ہے، پاکستان نے پینشنز پر ٹیکس عائد کرنے کیلئے بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اور حکومت انکم ٹیکس کی حد، تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کی شرح کے انضمام اور افراد کیلیے زیادہ سے زیادہ انکم ٹیکس کی شرح پر متفق نہیں ہوسکے ہیں۔آئی ایم ایف نے تنخواہ دار، غیر تنخواہ دار اور دیگر ذرائع سے انکم حاصل کرنے والے تمام افراد کو ایک ہی کیٹیگری میں شامل کرکے ایک ہی سلیب کے تحت لانے اور انکم ٹیکس کی بالائی حد کو 35 فیصد سے بڑھا کر 45 فیصد کرنے پر اصرار کر رہا ہے۔
حکومتی نمائندوں کی خواہش ہے کہ قابل ٹیکس انکم کی سالانہ حد کو 9 لاکھ روپے تک بڑھا دیا جائے، حکومت زیادہ سے زیادہ انکم ٹیکس 45 فیصد کرنے پر راضی نہیں ہے، البتہ قابل ٹیکس انکم کی 6 لاکھ روپے سالانہ کی موجودہ حد کو برقرار رکھنے کیلئے لچک دکھانے کو تیار ہے۔
آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا غیرنتیجہ خیز اختتام
















