اسلام آباد (مشرق نیوز) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف جاری انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر بانی پی ٹی آئی کی حکومت بھی صرف سیاستدانوں کا احتساب چاہتی تھی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔
بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ویڈیو لنک پر سپریم کورٹ میں پیشی کے انتظامات کئے گئے۔ بانی پی ٹی آئی کو بیرک سے کورٹ روم منتقل کیا گیا۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی تحریری معروضات تیار کر لی ہیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ اپنی معروضات عدالت میں جمع کرا دیں، کیا آپ فیصلہ سپورٹ کر رہے ہیں؟ وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میں جسٹس منصور علی شاہ کے نوٹ کو سپورٹ کر رہا ہوں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا آپ مخدوم علی خان کے دلائل اپنا رہے ہیں؟
وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میرا موقف وہی ہے لیکن دلائل میرے اپنے ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ کیا آپکے موکل 90 روز کے ریمانڈ سے مطمئن تھے؟ نیب جس انداز میں گرفتاریاں کرتا تھا کیا وہ درست تھا؟ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ نیب میں بہت سی ترامیم اچھی ہیں، 90 روز کے ریمانڈ سے مطمئن تھے نہ گرفتاریوں سے، جو ترامیم اچھی تھیں انہیں چیلنج نہیں کیا گیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سوال کیا کہ نیب آرڈیننس کب آیا تھا؟ وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ نیب قانون 1999 میں آیا تھا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کہ 1999 میں کس کی حکومت تھی؟ نام لیکر بتائیں۔
وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ 1999 میں جنرل پرویز مشرف کی حکومت تھی، پرویز مشرف سے قبل نواز شریف کے دور حکومت میں اسی طرح کا احتساب ایکٹ تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے مو¿کل کی حکومت آئی تو احتساب ایکٹ بحال کر دیتے، پرویز مشرف نے تو کہا تھا نیب کا مقصد کرپٹ سیاستدانوں کو سسٹم سے نکالنا ہے، بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر بھی کچھ ایسا ہی تھا۔
وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ہماری درخواست میں کسی سیاستدان کا نام نہیں لکھا گیا۔ وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل تک رسائی نہ دینے کے بیان کی تردید کر دی اور بانی پی ٹی آئی کے موقف کی تردید میں اضافی دستاویزات جمع کروا دیں، اضافی دستاویزات کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل میں وکلا سے ملاقات کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست بھی سپریم کورٹ میں جمع کرواتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا قید تنہائی میں ہونے کا موقف بھی غلط ہے۔ وفاقی حکومت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں وکلا تک رسائی نہ دینے کا موقف اپنایا، عدالت مناسب سمجھے تو بانی پی ٹی کے بیان اور حقیقت جانچنے کیلئے کمیشن بھی مقرر کر سکتی ہے، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کتابیں، ایئر کولر، ٹی وی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی گئیں۔
بانی پی ٹی آئی کے سابق وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ دبئی لیکس اور جعلی اکاو¿نٹس ہمارے سامنے ہیں۔ جسٹس جمال مندو خیل نے کہا کہ کیا ہم زخم ٹھیک کریں مگر وجہ نہ دیکھیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ جو دلائل دینا چاہتے ہیں وہ دیں، باقی نوٹ کروا دیں، ہم پڑھ لیں گے، آپ بتائیں آپ کو کتنا وقت درکار ہو گا۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ میں دلائل میں تین گھنٹے سے زیادہ وقت لوں گا۔
بظاہر بانی پی ٹی آئی کی حکومت بھی صرف سیاستدانوں کا احتساب چاہتی تھی: چیف جسٹس پاکستان

















