ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں ترقیاتی کام جلد مکمل کریں گے:خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرکے علاج معالجے کی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے علاج معالجے کی غرض سے آئے ہوئے مریضوں اور ان کے عزیز و اقارب سے ہسپتال میں فراہم کی جانیوالی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔انہوں نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیا۔ محکمہ بلڈنگ کے حکام نے صوبائی وزیر کو ہسپتال میں جاری ترقیاتی کام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ نیو بلاک میں بیسمنٹ کا کام 84 فیصد ،گرا¶نڈ فلور 98،فرسٹ فلور 97 جبکہ سیکنڈ فلور کا 89 فیصد کام مکمل کر لیا گیاہے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ترقیاتی کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو آپریشن تھیٹر اور ایمرجنسی میں جاری ترقیاتی کام کو 10 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دریں اثناءصوبائی وزیرصحت نے کلر کہار ٹراما سنٹر ٹی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر ایم ایس کلرکہارٹراماسنٹر،سی ای او چکوال اور اسسٹنٹ کمشنرساحل چیمہ سمیت دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کلرکہارٹراماسنٹرمیں داخل مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کلرکہارٹراما سنٹرکی انتظامیہ کے ساتھ اپ گریڈیشن پر سیرحاصل گفتگورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی کے ساتھ گزشتہ حکومت نے کلرکہارٹراماسنٹر کی بہتری کا نہیں سوچا۔میاں شہبازشریف کے دورمیں کلرکہارٹراماسنٹر کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ بنایا گیا۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کلرکہارٹراماسنٹرمیں کنسلٹنٹس،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف کے شارٹ فال کوترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائیگا۔کلر کہار ٹراما سنٹر ملحقہ آبادی کیلئے بہت بڑی سہولت ہے۔