اسلام آباد (بیورورپورٹ) سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی اپیلوں پر سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے ہم نے توپی ٹی آئی کو نہیں کہا تھا انٹراپارٹی الیکشن نہ کرائیں ، انٹرا پارٹی الیکشن کرا لیتے سارے مسئلے حل ہو جاتے،چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ بنچ معاملے کی سماعت کی ، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، محمد علی مظہر، عائشہ ملک، اطہر من اللہ، سید حسن اظہر رضوی، شاہد وحید، عرفان سعادت خان اور نعیم اختر افغان فل کورٹ کا حصہ ہیں،سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کل مجھے کچھ بنیادی قانونی سوالات فریم کرنے کا کہا گیا تھا، کل جسٹس جمال مندوخیل کا سوال تھا پی ٹی آئی نے بطور جماعت الیکشن کیوں نہیں لڑا، سلمان اکرم راجہ نے اسی متعلق درخواست دی تھی جو منظور نہیں ہوئی،چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی کو لارڈ شپ کہنے سے منع کر دیا اور کہا لارڈ شپ کہنے کی ضرورت نہیں، وقت بچایا جا سکتا ہے،چیف جسٹس نے سوال کیا کیا تمام دستاویزات موجود ہیں جو سوالات سے متعلق ہیں؟،چیف جسٹس نے سوال کیا آپ تنازع کی بات کیوں کر رہے ہیں؟ بس کہیں الیکشن نہیں لڑا، فل سٹاپ، دو جگہ آپ نے پارلیمنٹری پولیٹیکل پارٹی، تیسری جگہ پولیٹیکل پارٹی لکھا ہے، آخری جگہ پارٹی لکھا، اس میں کوئی خاص فرق ہے؟،چیف جسٹس نے کہا آئین پولیٹکل پارٹی اور پارلیمنٹری پولیٹیکل پارٹی میں فرق کرتا ہے، آپ 8 فروری سے پہلے کیا تھے؟،جسٹس عائشہ ملک نے کہا تحریک انصاف کے امیدوار انتخابی نشان پر الیکشن نہیں لڑسکتے تھے، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے امیدواروں کوکس بنیاد پرانتخابی نشان دیا، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو انتخابی نشان دیا اور بطور آزاد امیدوار شناخت دی،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے پارلیمان میں فیصلے پارلیمانی پارٹی کرتی ہے جنہیں ماننے کے سب پابند ہوتے ہیں، پارلیمانی پارٹی قانونی طورپرپارٹی سربراہ کی بات ماننے کی پابند نہیں ہوتی،جسٹس منیب اختر نے کہا آرٹیکل 51 میں سیاسی جماعت کا ذکر ہے، پارلیمانی پارٹی کا نہیں، آرٹیکل 51 اور مخصوص نشستیں حلف اٹھانے سے پہلے کا معاملہ ہے، امیدوار حلف لیں گے تو پارلیمانی پارٹی وجود میں آئے گی، پارلیمانی پارٹی کاذکر ابھی غیرمتعلقہ ہے،مناسب ہوگا ابھی سیاسی جماعت اورکیس پرفوکس کریں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اصل سٹیک ہولڈ رووٹر ہے جو ہمارےسامنے نہیں، پی ٹی آئی مسلسل شکایت کررہی تھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، ہم بنیادی حقوق کے محافظ ہیں،ہمیں دیکھنا ہے ووٹرز کے حقوق کا تحفظ کیسے ہوسکتا ہے، ایک جماعت مسلسل شفاف موقع نہ ملنے کا کہہ رہی تھی اور ایساپہلی بارنہیں ہوا،اس موقع پر جسٹس قاضی فائض عیسیٰ نے کہا لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہمارے سامنے نہیں آئی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا سیاسی جماعتوں کوکس تناسب سے نشستیں ملیں گی یہ آئین میں کہاں لکھاہے؟ جسٹس منصور علی شاہ نے جواب دیا حاصل کی گئی قومی نشستوں سےہی سیاسی جماعت کامخصوص نشستوں کا تناسب نکلے گا،وکیل درخواست گزار فیصل صدیقی نے کہا ابھی قومی اسمبلی میں 7 آزاد اراکین ہیں اور7 سیٹوں پر مخصوص نشست نہیں بنتی،بعد ازاں عدالت نے مخصوص نشستوں سے متعلق سماعت مزید 24 جون تک ملتوی کردی۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کرالیتی تو سارے مسائل حل ہو جاتے: چیف جسٹس
















