وفاقی بجٹ میں فنڈز نہ ملے تو اسلام آباد کی طرف مارچ کرینگے،گنڈاپور کی دھمکی

پشاور(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان سائفر کیس میں بری ہوگئے ہیں، جعلی کیس بنانے والوں سے حساب لیں گے، وہ حساب کےلئے تیار رہیں، خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا توشہ خانہ سے گاڑیاں نکالنے والے بھی حساب دیں گے، پاکستان توڑنے والے کمیشن کی رپورٹ کھولی جائے جس نے کھولنے کا نام لیا ہے اسے غدار قرار دیا جارہا ہے، کبھی غدار اور کبھی دوسرا الزام عوام، لیکن اب بے وقوف نہیں ہے، غلطیاں مانی جائیں مزید غلطیاں نہ کی جائیں،قبائل نے اس ملک کےلئے قربانیاں دیں لیکن ان کے وسائل نہیں دیئے جا رہے، ہر مشکل وقت میں قبائل نے اپنا کردارادا کیا اب ان کو حقوق دینے ہوں گے، ضم اضلاع کے 100 ارب نہیں ملیں گے تو ردعمل آئے گا جس کےلئے وفاق تیار رہے،وزیر اعلیٰ خیبر پی کے نے کہا وفاق ہمارے حقوق نہیں دے رہا، اس کے خلاف مارچ کریں گے،صحت کارڈ کی رقم 36 ارب روپے تک بڑھا رہے ہیں جبکہ علاج کی سہولت 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کریں گے، عرصہ دراز سے جاری 500 ترقیاتی منصوبوں کو رواںسال مکمل کریں گے، ترقیاتی منصوبے صرف تختیوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ہر سیکٹرمیں ترقی ہوگی نادر شاہی حکم نہیں چلے گا بلکہ نمائندوں کی مشاورت سے کام ہوں گے۔