اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ میں تمام سیاسی جماعتوں نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کی درخواست کی مخالفت کر دی،چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 ججز پر مشتمل فل کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کی، سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی روسٹرم اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہوئے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کیس میں فریق مخالف کون ہیں؟ بینیفشری کون تھے جنہیں فریق بنایا گیا؟ جس پر فیصل صدیقی نے بتایا جنہیں اضافی نشستیں دی گئیں وہی بینیفشری ہیں،مجموعی طور پر 77 متنازع نشستیں ہیں،جسٹس فائز عیسیٰ نے پوچھا قومی اسمبلی کی کتنی اور صوبائی اسمبلی کی کتنی نشستیں ہیں؟ تفصیل دےدیں، جس پر سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے عدالت کو تمام جماعتوں کی نشستوں کی تفصیل بتا دی،مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف نے سنی اتحاد کونسل کی اپیل کی مخالفت کر دی،چیف جسٹس پاکستان نے جے یو آئی ف کے وکیل کامران مرتضیٰ سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا آپ کی جماعت کا پورا نام کیا ہے؟ جس پر کامران مرتضیٰ نے بتایا ہماری جماعت کا نام جمعیت علماءاسلام پاکستان ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا اگر آپ کی جماعت سے (ف )نکال دیں تو کیا حیثیت ہو گی؟ جس پر وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا پارٹی کا لیڈر نکل جائے تو پارٹی کی کوئی حیثیت نہیں رہتی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کیا بینیفشری جماعتوں میں سے کوئی عدالت میں سنی اتحاد کونسل کی حمایت کرتی ہے؟ جس پر تمام جماعتوں نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست کی مخالفت کر دی،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے اس کا مطلب ہوا آپ سب اضافی ملی ہوئی نشستیں رکھنا چاہتے ہیں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کیا انتخابی نشان واپس ہونے سے سیاسی جماعت تمام حقوق سے محروم ہوجاتی ہے؟،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کیا انتخابی نشان واپس ہونے کے بعد آرٹیکل 17 کے تحت قائم سیاسی جماعت ختم ہوگئی تھی؟ کیا انتخابی نشان واپس ہونے پر سیاسی جماعت امیدوار کھڑے نہیں کر سکتی؟ تاثر تو ایسا دیا گیا جیسے سیاسی جماعت ختم ہو گئی اور جنازہ نکل گیا، کیا یہ اخذ کر سکتے ہیں کہ پی ٹی آئی بطور جماعت برقرار تھی اور مخصوص نشستوں کی فہرستیں بھی جمع کرائی تھیں؟،فیصل صدیقی نے جواب دیا پی ٹی آئی نے فہرستیں جمع کرائیں لیکن الیکشن کمیشن نے تسلیم نہیں کیں،چیف جسٹس نے فیصل صدیقی کو ججز کے سوالات کے جواب دینے سے روکتے ہوئے کہا سوالات کو چھوڑیں اپنے طریقے سے جواب دیں،فیصل صدیقی نے ہنستے ہوئے جواب دیا شکر ہے ابھی آپ نے سوال نہیں پوچھے، اس پر جسٹس منیب اختر نے کہا فل کورٹ میں بیٹھنے کا مزہ اور تکلیف یہی ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اگر سنی اتحاد کونسل سے غلطی ہوئی تھی تو الیکشن کمیشن تصحیح کر سکتا تھا، عوام کو کبھی بھی انتخابی عمل سے الگ نہیں کیا جا سکتا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اگر ایسا ہو جائے تو نشستیں پی ٹی آئی کو ملیں گی سنی اتحاد کو نہیں، عوام نے کسی آزاد کو نہیں بلکہ سیاسی جماعت کے نامزد افراد کو ووٹ دیئے،چیف جسٹس نے ایک بار پھر فیصل صدیقی کو ججز کے سوالات کے جواب دینے سے روکتے ہوئے کہا آپ اپنے دلائل نہیں دینگے تو مجھے کیا سمجھ آئے گی کہ آپ کی جانب سے کیا لکھنا ہے، میرا خیال ہے فیصل صدیقی صاحب ہم آپ کو سننے بیٹھے ہیں،اس پر جسٹس منیب اختر نے کہا کہ یہ ایک غیرذمہ دارانہ بیان ہے، فل کورٹ میں ہر جج کو سوال پوچھنے کا اختیار اور حق حاصل ہے، اس قسم کا غیرذمہ دارانہ بیان تسلیم نہیں کیا جا سکتا،چیف جسٹس نے کہا سیاسی مسئلے پارلیمان میں حل ہونے چاہئیں، ہر مسئلہ سپریم کورٹ میں کیوں آتا ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہر دور میں کوئی نہ کوئی پارٹی زیر عتاب رہی، پیپلزپارٹی سے تلوار کا نشان چھینا گیا، ن لیگ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا،بعدازاں سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت کل ساڑھے 11 بجے تک کیلئے ملتوی کر دی۔
مخصوص نشستیں کیس:بلے کے نشان والے فیصلے پر لوگوں کو گمراہ کیا گیا: سپریم کورٹ، جسٹس قاضی،منیب میں ناخوشگوار جملوں کا تبادلہ
















