لاہور (نوید چودھری) پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ میں بیٹھے آڈٹ افسر نے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیری حربے اپناتے ہوئے سابق چیف افسر واربرٹن کی جان لے لی، سابق چیف افسر واربٹن ثناءاللہ بٹ ایک سال کی تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے شدید ذہنی دباﺅ کا شکار تھا، دو روز قبل دماغ کی شریان پھٹنے سے ہسپتال داخل ہوا مگر جانبر نہ سکا۔ ایک سال سے تعیناتی سے محروم متوفی ثناءاللہ بٹ گزشتہ ماہ میونسپل کمیٹی واربرٹن میں بطور چیف افسر تعینات ہوا، متوفی ثناءاللہ بٹ کی خدمات سال قبل شرقپور سے واپس لیکر لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سپرد کر دی گئی تھیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ذیلی ادارہ لوکل فنڈ آڈٹ کے پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ شہزاد اختر متوفی کو ایک سال سے تنخواہوں کی ادائیگی کے چکر میں خوار کر رہے تھے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر آڈ ٹ شہزاد اختر کی نیت میں کھوٹ آنے کی وجہ سے متوفی کی تنخواہوں کی ادائیگی کو آخری تنخواہ کے نظر ثانی شدہ سرٹیفکیٹ (Revised LPC) سے مشروط کر دیا گیا، مگر متوفی ثناءاللہ بٹ میونسپل کمیٹی مریدکے میں تعینات لوکل فنڈ آڈٹ کے ریذیڈنٹ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آڈٹ اینڈ اکاﺅنٹ ملک شفقت کے ترلے اور دن رات سفارشوں کے باوجود آخری تنخواہ کا نظر ثانی شدہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے، تاہم تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث پیدا ہونے والے مالی مسائل نے سابق چیف افسر کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا تھا جو بعد ازاں موت کی وجہ بنا۔ متوفی ثناءاللہ بٹ کے ورثا نے اس جانی نقصان کا ذمہ دار ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اختر اور ریذیڈنٹ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک شفقت کو قرار دیا ہے اور خاندانی ذرائع کے مطابق ان افسران کیخلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے مشاورت جاری ہے۔
ذہنی دباﺅ کا شکار سابق چیف افسر واربرٹن جان گنوا بیٹھا
















