تھریٹ الرٹس کو خفیہ معلومات یا خفیہ دستاویز نہیں کہا جاسکتا: جسٹس محسن اختر کیانی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے روسی سفارتکار کو خفیہ معلومات پہنچانے کے الزام میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت 3سال کی سزا پانے والے وفاقی پولیس کے اے ایس آئی ظہور کی سزا معطل کردی،عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے نیکٹا اور وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹس کو خفیہ معلومات یا خفیہ دستاویز نہیں کہا جاسکتا،مختصر مدت کی سزا اور اپیل پر جلد فیصلہنہ ہونے کے امکان کے باعث بھی اپیل کنندہ سزا معطلی کا حقدار ہے، اس دوران اپیل کنندہ ہر سماعت پر حاضری یقینی بنائے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اے ایس آئی ظہور احمد کی سزا معطلی کا پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے میں کہا گیا ہے فرانزک اینالسز رپورٹ کے مطابق اپیل کنندہ کے موبائل فون سے تھریٹ الرٹ رپورٹ کے میسجز ملے تاہم نیکٹا اور وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹس کو خفیہ معلومات یا خفیہ دستاویز نہیں کہا جا سکتا،عدالت نے کہا مختصر مدت کی سزا اور اپیل پر جلد فیصلہ نا ہونے کے امکان کے باعث بھی اپیل کنندہ سزا معطلی کا حقدار ہے، ٹرائل کورٹ کی جانب سے اے ایس آئی ظہور کو دی گئی 3 سال قید کی سزا معطل کی جارہی ہے،عدالت نے ہدایت کی اپیل کنندہ 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جو کیش کی صورت میں بھی جمع کرائی جا سکتی ہے جبکہ سزا یافتہ مجرم اے ایس آئی ظہور احمد اپنی اپیل پر حتمی فیصلے تک ہر تاریخ سماعت پر عدالت میں پیش ہو۔