اشیائے خورونوش مزید سستی ہوں گی،کسانوں کو براہ راست سبسڈی دیں گے،مریم نواز

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے اشیائے خورونوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے‘کسانوں کو براہ راست سبسڈی دیں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز سے مختلف اضلاع کے ارکین اسمبلی نے ملاقات کی ،عوامی مسائل، حل کیلئے تجاویز و سفارشات پیش کیں، اراکین اسمبلی نے روٹی و دیگر اشیائے خورونوش کے نرخوں میں کمی پر خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز نے کہااشیائے خورونوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے، پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے بڑا کسان کارڈ پراجیکٹ لا رہے ہیں، گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے اب ڈائریکٹ کسان کوسبسڈی دیں گے،وفاقی حکومت کو زرعی مشینری و ٹریکٹر وغیرہ پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز دےدی۔

وزیراعلیٰ نے کہاپرائس کنٹرول و دیگر امور کیلئے الگ سسٹم بنا رہے ہیں، شہروں میں ہائبرڈ بسیں لائیں گے،نوجوانوں کو موٹر سائیکلیں دیں گے،ن لیگ کی حکومت آتی ہے تو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آتی ہے، کچھ لوگ کہتے تھے آلو پیاز کی قیمتیں کم کرنے کیلئے حکومت میں نہیں آئے۔

مریم نواز نے کہا2سے 4مرلے کے پلاٹ پر گھر بنانے کےلئے قرض کی تجویز زیر غور ہے، بے گھر لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے، دیہات میں پلاٹ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں، نواز شریف آئی ٹی سٹی کےلئے چین سمیت دیگر ممالک رابطے کررہے ہیں۔

دریں اثناوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کھاد کی ضرورت و دستیابی کا جائزہ ، کسان کارڈ پروگرام میں رجسٹریشن کےلئے سپیشل ہیلپ لائن قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا،وزیراعلیٰ نے کھاد کے نرخ میں کمی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا اور ذخیرہ اندوزی و غیر قانونی نقل و حمل روکنے کےلئے سخت و مو¿ثر اقدامات یقینی بنانے کا حکم دےدیا،مریم نواز نے پلانٹ سے ڈیلر تک کھاد فراہمی کی ڈیجیٹل سپلائی مانیٹرنگ موثر بنانے کی ہدایت بھی کردی۔

مریم نواز نے کہا پنجاب کے کاشتکار کو کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے، ذخیرہ اندوزی و سمگلنگ روکنے میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں، ہر کاشتکار کے مفادات کا تحفظ کریں گے، کسان کا استحصال کسی صورت قبول نہیں۔

مزید برآں اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا یوم تکبیر پاکستانی قوم ہی نہیں عالم اسلام کےلئے بھی فخر کا دن ہے،دفاع وطن کا مشن سر انجام دینے والی ٹیم کے ہر فرد کو سلام، پاکستان کو پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے نواز شریف کو بھی سلام،مریم نواز نے کہا ایٹمی پروگرام پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے،قوم نواز شریف کے جراتمندانہ فیصلوں کی معترف ہے، مضبوط دفاع کےلئے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اب اقتصادی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانا مشن ہے،نواز شریف بکا نہیں، جھکا نہیں ایسے عظیم شخص کی بیٹی ہونے پر فخر ہے۔