لاہور (ہیلتھ رپورٹر) 28 مئی یوم تکبیر مریضوں کیلئے عذاب بن گیا۔ صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہزاروں مریض خوار ہوکر رہ گئے۔ دور دراز کے علاقوں سے آئے مریضوں کا کوئی پرسان حال نہ تھا۔ تفصیلات کے مطابق یوم تکبیر کے حوالے سے اچانک چھٹی کا مراسلہ مریضوں کیلئے عذاب بن گیا۔ سرکاری ہسپتالوں کی اوپی ڈی کا رخ کرنے والے مریضوں سے مسیحاﺅں کی بے رخی نے تڑپتے بلکتے مریض کو مزید پریشان کردیا اور سارا دن عوامی خدمت پر مامور عملہ مریضوں سے بدتمیزی سے پیش آتا رہا۔ فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور دیگر دوردراز علاقوں سے آئے مریضوں کے لواحقین نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یوم تکبیر کے حوالے سے اچانک چھٹی کا حکومتی اعلان بے حسی اور مریضوں کے ساتھ سراسر زیادتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اچانک چھٹی نے ہمیں رلا کر رکھ دیا ہے۔ مریضوں کیلئے آج کی اچانک چھٹی کا دن کسی مصیبت سے کم نہیں تھا کہ تکلیف میں مبتلا مریضوں کو دوبارہ گھر واپس جانا پڑ رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
یوم تکبیر کی اچانک تعطیل مریضوں کیلئے عذاب میں تبدیل، ہسپتالوں میں عملے کا ناروا سلوک
















