مسلمان حکمران امریکی تابعدار، مجرمانہ غفلت کا حساب دینا ہوگا: حافظ نعیم الرحمن

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے غزہ کے سرحدی شہر رفح پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح شہر میں لاکھوں پناہ گزین عارضی کیمپوں میں مقیم ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ پناہ گزین کیمپوں پر حملے ایسے وقت میں کئے گئے جب بین الاقوامی عدالت انصاف نے خاص طور سے اسرائیل کو رفح پر بمباری کرنے سے روکا تھا۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے 2جون کو کراچی میں غزہ ملین مارچ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل اپنے آپ کو بین الاقوامی قوانین کا پابند سمجھتا ہے اور نہ ہی انسانی اقتدار کا۔ اسرائیل اپنے سٹرٹیجک اہداف میں ناکامی کا بدلہ معصوم بچوں پر وحشیانہ بمباری کر کے لے رہا ہے۔ رفح کے سرحدی شہر میں دو دن سے قتل عام ہورہا ہے، دو ہزار ٹن بارود والے بم گرائے جا رہے ہیں۔ بچوں کو زندہ جلایا جا رہا ہے اور مسلمان ممالک تماشا دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال کی وجہ سے مسلمان حکمرانوں اور مسلمان عوام کے درمیان ایک واضح تقسیم پیدا ہو چکی ہے۔ مسلمان حکمران امریکا کے تابعدار ہیں، لیکن انہیں مجرمانہ غفلت کا حساب دینا ہو گا۔ اسرائیل بدترین جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے اور ان جرائم میں امریکہ اور مسلمان ممالک کی حکومتیں برابر کی شریک ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے اہل غزہ کے تحفظ کیلئے واضح اقدامات نہ اٹھانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب عالم مغرب کے عوام اور حکومتیں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں، پاکستانی حکومت کی خاموشی عوام کیلئے باعث تشویش ہے۔ ماضی میں مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے پاکستان قائدانہ کردار ادا کرتا رہا ہے اور امت مسلمہ پاکستان سے توقعات رکھتی ہے۔ مسلمان ممالک کو فلسطینیوں کے دفاع کیلئے میدان میں نکلنا چاہیے۔ فلسطینیوں کا دفاع مسلمان حکومتوں اور افواج کی ذمہ داری ہے۔