میوہسپتال میں کارڈیک کمپلیکس بنائیں گے: خواجہ سلمان رفیق ،حلقہ انتخاب کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں میوہسپتال و دیگر کارڈیالوجی ہسپتالوں کے کارڈیک سرجری ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت کو بریفنگ دی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان و دیگر افسران موجود تھے۔ ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ایم ایس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میوہسپتال لاہور میں کارڈیک کمپلیکس بنائیں گے۔ پنجاب کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈیپارٹمنٹ آف کارڈیک سرجری کی صلاحیت میں بہتری لانے جا رہے ہیں۔ میﺅ ہسپتال کے ڈیپارٹمنٹ آف کارڈیک سرجری میں ایچ آر کو مکمل کر رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کے ڈیپارٹمنٹ آف کارڈیک سرجری کی صلاحیت بڑھانے سے کارڈیالوجی ہسپتالوں میں مریضوں کے رش میں واضح فرق آئے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کارڈیالوجی ہسپتالوں میں علاج کے معیار پر ایک فیصد بھی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ سرکاری کارڈیالوجی ہسپتالوں میں امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو علاج و معالجہ کی معیاری اور مہنگی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں میں ویٹنگ لسٹ میں واضح بہتری لانا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ امراض قلب میں مبتلا مریضوں تک علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ دریں اثناء صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ لال پل اور بٹ چوک کا تفصیلی دورہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ریلوے ٹریک اور ٹریفک روانی کا جائزہ لیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بریفنگ دی۔اس موقع پرخواجہ سلمان رفیق نے شہریوں سے ٹریفک روانی بارے تبادلہ خیال کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مغل پورہ لال پل اور بٹ چوک پر ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کیلئے دورہ کیا گیا ہے۔ ٹریفک روانی کو بہتر کرنے میں عوام بھی انتظامیہ کا ساتھ دے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سڑکوں کی مرمت اور کشادگی سے عوام کیلئے ٹریفک روانی میں بڑی حد تک آسانی پیدا ہو گی۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق جلد اپنی انجینئرنگ ٹیم کو لال پل اور بٹ چوک بھیجیں گے۔ ہمیں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنانا چاہئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈی جی ایل ڈی اے کو سڑکوں کی مرمت اور کشادگی کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔