آئیں!حکومت کاحصہ بنیں، پیپلز پارٹی کو پھر کابینہ میں شمولیت کی دعوت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئیں!حکومت کاحصہ بنیں،وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کو پھر کابینہ میں شمولیت کی دعوت دےدی۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی ،مالی سال 2024-25 کے بجٹ پر مشاورت،ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا،وفد میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور شیری رحمن شامل تھیں،ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، احسن اقبال، رانا ثنا،اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ر ہے۔

اندرونی کہانی کے مطابق پیپلز پارٹی نے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے تجاویز دیں اورسرکاری ملازمین کی تنخواہوں ،پنشن میں 20 سے 25 فیصد اضافے کامطالبہ کردیا۔

شہبازشریف نے کہااپنے وسائل میں رہتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ کریں گے،پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ میں شامل ہوجائے،پی پی وفد نے جواب دیاحتمی فیصلہ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کریں گے،پیپلز پارٹی نے بجٹ کی منظوری میں حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔