سلامتی کونسل غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے:پاکستان

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان نے رفح میں فوجی آپریشن روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو خوش آئند قراردےدیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان بین الاقوامی عدالت انصاف کے اقدامات کا خیرمقدم اورجنوبی افریقہ کی طرف سے اسرائیل کےخلاف آئی سی جے میں دائر درخواست کی حمایت کرتا ہے، اسرائیلی قابض حکام رفح کراسنگ کو انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کےلئے کھلا رکھیں ، کسی بھی تحقیقاتی کمیشن، فیکٹ فائنڈنگ مشن یا تحقیقاتی ادارے کی غزہ پٹی تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

دفتر خارجہ نے کہا اقوام متحدہ نسل کشی کے الزامات کی تحقیقات کرے، پاکستان عالمی عدالت انصاف کے تازہ ترین احکامات کےساتھ 26 جنوری اور 28 مارچ کے سابقہ احکامات پر فوری و غیر مشروط عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے،سلامتی کونسل غزہ میں اسرائیل کی جاری وحشیانہ فوجی مہم کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا انسانی امداد کے بلا روک ٹوک بہاو¿ کی اجازت اور غزہ میں شہریوں کے تحفظ کےلئے موثر اقدامات کیے جانے چاہئیں، کارروائیوں پر اسرائیل کو جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے،پاکستان قابل عمل، محفوظ، متصل اور خودمختار ریاست کےلئے فلسطینیوں کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔