اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)میڈیا توہین عدالت پر مبنی مواد نشر کرنے سے باز رہے، پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹرز کے نام اعلامیہ جاری کردیا ۔
حکم نامے میں کہا گیاعدالت عظمیٰ نے فیصل واوڈا اور مصطفی کمال توہین عدالت کیس کے تحریری حکم نامے میں کہا توہین عدالت پر مبنی مواد نشر کرنےوالے یا دوبارہ توہین عدالت مواد نشر کرنے والے میڈیا ادارے بھی توہین عدالت کر رہے ہیں لہٰذا میڈیا کو توہین عدالت پر مبنی مواد نشر کرنے سے باز رہنا چاہیے، ایسا مواد نشر کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی جاسکتی ہے،محکمہ اطلاعات نے تمام ٹی وی چینلز، نشریاتی و اشاعتی اداروں کو سپریم کورٹ کے حکم نامے پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب کورٹ رپورٹنگ پر پابندی کو لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا،پیمرا کی جانب سے کورٹ رپورٹنگ پر پابندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں ثمرہ ملک ایڈووکیٹ نے چیلنج کیا،درخواست میں موقف اختیارکیا گیا پیمرا کا 21 مئی کو جاری کردہ نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، عدالت کالعدم قراردے۔
ادھر پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے نوٹی فکیشن کے خلاف درخواست دائر کر دی،درخواست میں کہا گیا درخواست گزار سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ رپورٹرز کی نمائندہ تنظیمیں ہیں، پیمرا نے 21 مئی کو ترمیمی نوٹی فکیشن کے ذریعے عدالتی رپورٹنگ پرہدایات جاری کیں، پیمرا کا نوٹی فکیشن آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کی خلاف ورزی ہے،غیرآئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔
میڈیا توہین عدالت پر مبنی مواد نشر نہ کرے،حکومت کاانتباہ
















