لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر سے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں یونائیٹڈ نیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری محمد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، ڈاکٹر یونس اور ڈاکٹر عاصم الطاف، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل و دیگر افسران موجود تھے۔یونائیٹڈ نیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کے وفد میں مسٹر پاسکل بجلیوارڈ، ہینری بونن اور ڈاکٹر مریم ملک شامل تھیں۔صوبائی کوار ڈی نیٹر پروفیسر اسد اسلم خان اور پرنسپل کالج آف آفتھلمولوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز پروفیسر محمد معین بھی اس موقع پر موجود تھے۔یونائیٹڈ نیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کے وفد نے حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کیلئے صحت کے منصوبوں کو سراہا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے تمام تر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بچوں کی سکریننگ بہت اہم ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے یونائیٹڈ نیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کی جانب سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سکریننگ کیلئے امداد کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے یونائیٹڈ نیشنز آفس فار پراجیکٹ سروسز کی جانب سے سکول سکریننگ کیلئے امداد پر شکریہ ادا کیا اور وفد کو سکول سکریننگ پروگرام کو یقینی بنانے کی یقینی دہانی کروائی۔سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں امراض چشم کیلئے بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ڈفرنٹلی ایبلڈ بچوں کی بحالی کیلئے پراجیکٹ چلایا جا رہا ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ری ویمپنگ منصوبے کا جائزہ لینے جنرل ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر، ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد شاہ اور کنٹریکٹرز نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی و دیگر شعبہ جات کا دورہ کرکے جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جنرل ہسپتال لاہور میں ری ویمپنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ری ویمپنگ کے بعد جنرل ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بہت سہولت ملے گی۔ جنرل ہسپتال لاہور میں ری ویمپنگ منصوبے میں تاخیر ناقابلِ برداشت ہوگی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جنرل ہسپتال لاہور میں 33 موڈیولر تھیٹرز تیار ہوں گے۔ موڈیولر تھیٹرز کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنٹریکٹرز کو ری ویمپنگ کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہاکہ مریضوں کی آسانی کیلئے ری ویمپنگ منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کروا رہے ہیں۔ جنرل ہسپتال لاہور میں آنے والے مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بچوں کی سکریننگ بہت اہم ہے:صوبائی وزراءصحت
















