توشہ خانہ ریفرنس ،نوازشریف نے بریت درخواست دائر کردی

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں بریت درخواست دائر کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں صدر مملکت آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کےخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس پر سماعت کی ،سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے پلیڈر رانا عرفان عدالت پیش ہوئے ،بریت کی درخواست دائر کی گئی۔

جج ناصر جاوید رانا نے ریمارکس دئیے بریت درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیتے ہیں ،نیب پراسیکیوٹر نے کہا درخواست بریت کو نیب ہیڈ کوارٹر بھجوا دیتا ہوں ، شارٹ نوٹس کردیں،احتساب عدالت نے نواز شریف کی بریت درخواست پر 23 مئی کو دلائل طلب کرلیے۔

دوران سماعت عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حاضری سے استثنیٰ درخواست منظور کرلی،وکیل ارشد تبریز نے کہاصدر آصف زرداری کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے ان کی حد تک کیس نہیں چل سکتا ،احتساب عدالت نے صدر مملکت زرداری کےخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر کارروائی روک دی۔