اسٹیبلشمنٹ، عمرا ن ڈیل کا علم نہیں :محسن نقوی ،رشوت کی شکایات پر پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاو¿ن کے ڈائریکٹرزمعطل

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف نائن پارک میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے موبائل لائسنس و لرننگ وینز ، ٹریفک پولیس ایجوکیشن سروس کے اجراءکے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسٹیبلشمنٹ اور عمرا ن خان ڈیل کا علم نہیں ہے، ای سی ایل کمیٹی نے رولز کے تحت چند لوگوں کے نام نکالے ہیں، یہ معمول کی کارروائی ہوتی ہے، غیر قانونی طور پر جاری ہونےوالے کالے شیشوں کے تمام پرمٹ منسوخ کر رہے ہیں ، اسلام آباد ٹریفک پولیس آج سے ملک بھر کے کسی بھی حصے کے رہائشی کا اسلام آباد سے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کرے گی، وفاقی دارالحکومت کے رہائشی 70 سال سے زائد عمر کے لوگوں کا لائسنس ان کے گھر جاکربنایا جائےگا، پاسپورٹ کے اجرامیں تاخیر کی مختلف وجوہات ہیں، پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کا حامی ہوں ، جلد وزارت داخلہ اس حوالے سے قانون سازی کے لئے ڈرافٹ سے متعلق وفاقی کابینہ کو آگاہ کرے گی علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاو¿ن کا اچانک دورہ کیا، شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس میں موجود سائلین سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے، سائلین عملے کے رویے اور رشوت کی شکایات کرتے ہوئے پھٹ پڑے،وفاقی وزیر داخلہ پاسپورٹ آفس کے حالات دیکھ کر برہم ہوگئے اور کہا عملے کی ملی بھگت کے بغیر پیسے لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، محسن نقوی نے ڈائریکٹر سے استفسار کیا یہ کیا ہو رہا ہے، ہر کوئی ایجنٹ اور عملے کی جانب سے پیسے لینے کی شکایت کر رہا ہے،اس موقع پر ڈائریکٹر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا اور ان کیخلاف فوری طور پر محکمانہ کارروائی کا حکم دےدیا۔