اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے9 سال یا زیادہ عرصے کےلئے جیل میں قید رہنا پڑا تو رہوں گا مگرقوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والوں سے کوئی ڈیل نہیں کروں گا،قوم کے نام پیغام ہے حقیقی آزادی کے حصول کےلئے مجھے جو قربانی بھی دینی پڑی دوں گا مگر اپنی اور قوم کی آزادی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔
یومِ تاسیس کے موقع پر ملاقات کےلئے جیل آنے والے ذمہ داروں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا25 اپریل 1996 کو انصاف، انسانیت اور خودداری جیسے اصولوں کی بنیاد پر تحریک کی بنیاد ڈالی،پی ٹی آئی تمام تر جبرو فسطائیت کے باوجود ملک کی سب سے بڑی اور مضبوط سیاسی جماعت کا روپ دھار چکی ،قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوںحق و سچ کا ساتھ دے، دنیا میں اپنی حقیقت ،حیثیت کو پہچانیں،آزادی کبھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی جاتی، غلام قوم کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، آزادی کے حصول کےلئے لڑنا پڑتا ہے،آزادی کےلئے خوف کی زنجیریں توڑ کرنکلنا پڑے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہایقین ہے ایک مرتبہ میری قوم صحیح معنوں میں آزاد ہوگئی تو پاکستان کو عظیم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا،آزادی میں جنگل کا بادشاہ حائل ہے جو دستورو قانون کی دھجیاں اڑا کر ملک میں بدترین آمریت قائم کئے ہوئے ہے، جنگل کے بادشاہ کی ضد، انا، قانون کو خاطرمیں نہ لانے اور ملک کو دستور کی بجائے اپنی مرضی کے مطابق چلانے کی ضد ملکی معیشت، نظامِ حکومت ،جمہوریت ، عدلیہ کی تباہی کا سبب بن رہی ہے،میں سمجھتا ہوں ملک تباہی کو روکنے کےلئے قوم کا ہرفرد اپنا کردار ادا کرے۔
کوئی ڈیل نہیں ہوگی،حقیقی آزادی کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہوں،عمران خان
















