اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے مربوط کوششوں کے ساتھ موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی ، موسمیاتی تغیرات دنیا بھر کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے،سوشل سیفٹی نیٹ ورک اور وسائل کے موثر استعمال کے حوالے سے حکمت عملی ناگزیر ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ بزنس سمٹ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونٹی فوڈز، نٹ شیل گروپ کے زیر اہتمام بزنس سمٹ ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ میں اس اہم فورم پر مدعو کرنے پر آپ سب کا مشکور ہوں جس میں دنیا بھر کے کامیاب تاجر وسرمایہ کار اور کاروباری حضرات موجود ہیں۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ امید ہے کہ اس سمٹ کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ ہمیں ملکی معیشت و دیگر چیلنجز سے نمٹنے اور اقتصادی ترقی کیلئے موثر حکمت عملی اختیار ہوگی۔امید ہے کہ ملک کو سیکورٹی، معاشی، ماحولیاتی، سماجی اور بالخصوص آبادی میں ہوشربااضافے سے نمٹنے کیلئے پلیٹ فارم سے موثر تجاویز میسر ہوں گی۔
درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کےلئے موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی: چیئرمین سینٹ
















