جاں بحق کسٹم اہلکاروں کیلئے شہدا پیکیج، پاک چین تعلقات فروغ پا رہے ہیں:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کسٹمز حکام کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کےلئے شہدا پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم نے کہا شہدا کے خاندان کی ذمہ داری اب حکومت کی ہے ، دہشت گردی اور سمگلنگ کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ،بزدلانہ کارروائیاں حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

دریں اثناچینی زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہا سی پیک کے باعث پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور ثقافتی تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں،پاکستان میں چینی زبان و ادب کی ترویج کےلئے سرکاری و نجی سطح پر ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،چینی زبان ہزاروں سال پرانی چینی ثقافت کی ترجمان زبان ہے، گزشتہ دہائیوں میں جہاں چین نے اپنی معاشی ترقی کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا وہیں چینی ثقافت اور چینی زبان دنیا بھر تیزی کےساتھ مقبول ہو رہی ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا پاکستان میں چینی زبان سیکھنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے جس کی بدولت جن کی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ مل رہا ہے، پاکستان میں چینی زبان و ادب کی ترویج کے لئے سرکاری و نجی سطح پر ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تا کہ دونوں ممالک کی عوام کے درمیان روابط مزید مستحکم ہو سکیں۔