ایرانی صدر کا دورہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گا،محسن نقوی
اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی،محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر ایرانی سفیر کا خیرمقدم کیا،ملاقات میں ایرانی صدر کے دورہ پاکستان ،مجوزہ معاہدوں ، حتمی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر نے ایرانی صدر کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیااورمحسن نقوی کو وزیرداخلہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کارکردگی کو سراہا،رضا امیر مقدم نے کہاآپ نے وزارت اعلیٰ کے دور میں عوامی منصوبوں کو انتہائی غیر معمولی رفتار سے مکمل کرایا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایرانی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایرانی صدر کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،دورہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گا، دہشتگردی و دیگر چیلنجز کے حل کےلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔
محسن نقوی نے کہا پاک ایران تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں ،پاکستان برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،خطے میں پائیدار امن و استحکام کےلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
















