ایران نے اصفہان شہر پر اسرائیلی حملہ پسپا کردیا،تمام ڈرونز مار گرائے

تل ابیب،تہران،نیویارک:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ایران نے اصفہان شہر پر اسرائیلی حملہ پسپا کردیا،تمام ڈرونز مار گرائے۔

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا اسرائیل نے ایرانی شہراصفہان کے ہوائی اڈے کے قریب میزائل حملہ کیا، حملے کے بعد زور دار دھماکے کی آوازیں سنی گئیں ،حملہ انتہائی محدود پیمانے کا تھا،ایران نے اصفہان سمیت کئی شہروں کےلئے پروازیں معطل کر دیں ،اسرائیل نے شام اور عراق میں بھی میزائل برسائے۔

ایرانی میڈیا نے تصدیق کرتے ہوئے کہااصفہان ایئرپورٹ کے نزدیک دھماکے کی آواز سنی گئی، حملے کے بعد تہران، شیراز اور اصفہان کے ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا، ایئرپورٹس کی بندش کے بعد ہر قسم کی پروازیں معطل رہیں۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے کہامقامی وقت کے مطابق رات 12 بجکر 30 منٹ پر اصفہان پر 3ڈرون حملے کیے گئے، ایرانی فضائیہ نے تینوں ڈرون مار گرائے،شہر میں جوہری تنصیبات مکمل طور پر محفوظ ہیں،ایرانی حکام نے نیویارک ٹائمز سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا حملے ایران کے جوہری تنصیبات کا مرکز کہلائے جانے والے شہر اصفہان کے قریب آرمی ایئر بیس کے قریب کیے گئے،ایرانی اہلکار نے کہااصفہان میں سنے گئے دھماکے ایرانی فضائی دفاعی نظام کے فعال ہونے کا نتیجہ تھا جس نے ڈرونز کو کامیابی سے نشانہ بنایا،دھماکوں کی شدت کہیں زیادہ تھی لیکن کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا