فیض آبادھرنا،معاہدہ پہلے ہوا وزیراعظم کو بعد میں دکھایا گیا، احسن اقبال

اسلام آباد،پشاور:(بیورورپورٹ) وفاقی وزیر ورہنما ن لیگ احسن اقبال نے فیض آباد دھرنے پر نیا انکشاف کرتے ہوئے کہاہے ٹی ایل پی سے معاہدہ پہلے ہوا وزیراعظم خاقان عباسی کو بعد میں دکھایا گیا ،وزیراعظم کو معاہدے پر اعتراض تھا مگر کہا گیا دستخط ہوچکے اب پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

انکوائری کمیشن کو دئیے گئے بیان میں احسن اقبال نے کہافیض آباد دھرنا معاہدے میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید اصرار کرکے شامل ہوئے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے معاہدہ دیکھا تو اعتراض کیا،شاہد خاقان عباسی نے وزیر کے استعفے اور فیض حمید کے معاہدے میں نام پر اعتراض کیا تھا،وزیراعظم کو بتایا گیا معاہدہ تو ہو چکا دستخط بھی ہو گئے اب پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

دوسری جانب سابق سیکرٹری دفاع اکرام الحق نے فیض آباد دھرنا کمیشن میں بیان دیتے ہوئے کہا مسلح افواج کا کوئی فرد دھرنا منظم کرنے، 2018 الیکشن کے انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے میں ملوث نہیں پایا گیا،اکرام الحق نے کہا حکومت نے سیکرٹری دفاع کے ذریعے تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کو ہدایت دی حلف کی خلاف ورزی میں ملوث لوگوں کیخلاف کارروائی کریں ،مسلح افواج کا کوئی فرد انتہا پسندوں کی مالی معاونت کرتے نہیں پایا گیا، کسی ٹھوس ثبوت کے بغیر سپریم کورٹ کی ہدایت پر عملدرآمد ممکن نہیں تھا، معاملے کو دیکھنے کیلئے جائزہ پٹیشن دائر کی گئی ۔

سابق سیکرٹری دفاع نے کہافیض آباد دھرنے میں وزارت دفاع کو کوئی مخصوص ٹاسک نہیں دیا گیا، سپریم کورٹ کی ہدایت پر آئی ایس آئی نے تفصیلی رپورٹ جمع کرائی، سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد کیا گیا، آئی ایس آئی نے حکومت کی ہدایت پر تحریک لبیک کےساتھ مذاکرات میں سہولت کاری کی،اکرام الحق نے کہاآئی ایس آئی کے ڈی جی سی نے کوئی قانون توڑا نہ کسی ایس او پی کی خلاف ورزی کی، مذاکرات کے باعث مظاہرین نے دھرنا ختم کیا، وزارت دفاع نے عدالتی حکم پر عمل کیا اور فیصلے کی نقول تمام متعلقہ لوگوں کو فراہم کیں۔