عدالتوں میں ججوں کی خالی آسامیوں پر تقرری ترجیح ہے: چیف جسٹس پاکستان

لاہور (مشرق نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں ججوں کی خالی آسامیاں پرکرنا ترجیح ہے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سپریم کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ خواہش ہے سپریم کورٹ مکمل ہوجائے، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں ججوں کی خالی آسامیاں پرکرنا ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ججوں کی تعیناتیوں سے پہلے ہائیکورٹس رولز میں ترامیم ضروری ہے، ان ترامیم کےلئے جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے، ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان سے گزارش ہے آہستہ آہستہ ہائیکورٹس میں ججوں کی تعداد مکمل کریں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ججوں کی تعیناتیاں موجودہ طریقہ کار سے کریں یانئے رولز کے مطابق اس پر فریقین سے بات کریں گے، ٹیکنالوجی نے سپریم کورٹ کی رجسٹریوں کامعاملہ محدود کردیاہے، کم از کوئی بھی بنچ ایک ہفتے سے کم کانہیں ہونا چاہئے۔

قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ دیکھنا یہ ہے ویڈیو لنک رکھیں یا رجسٹری یا دونوں کوساتھ لےکرچلیں، بار اور بنچ مختلف نہیں ایک ہے، ہمیشہ بار کے منتخب نمائندوں کی ترجیح دی، رجسٹری پربنچ بنانے کے عمل کا لاہور سے آغاز کردیا، اگلے مرحلے میں دوسری رجسٹریوں میں جائیں گے۔