معیشت بہتر،زرمبادلہ ذخائر مستحکم،روپے کی قدر مزیدگرنے کا امکان نہیں ،وزیر خزانہ

واشنگٹن:(خواجہ فاروق)وزیرخزانہ ومحصولات اورنگزیب نے کہاہے معیشت بہتر،زرمبادلہ ذخائر مستحکم،آئی ایم ایف کےساتھ مذاکرات میں روپے کی قدر مزیدگرنے کا امکان نہیں ، پاکستان یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کےساتھ مل کر کام کرے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوم برگ کوانٹرویو اورمختلف وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیرخزانہ نے کہاعمومی طور پر پاکستانی کرنسی کی قدر میں سالانہ 6 سے لیکر8فیصد کی حد سے زیادہ کمی کاکوئی جوازنہیں ،آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کو اربوں ڈالر کے قرضوں کے حصول کےساتھ ملک میں اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد تیز ہو گا،مذاکرات سے کرنسی کی قدرمیں کسی بڑی کمی کاکوئی امکان نہیں۔

اورنگزیب نے کہازرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہواہے، ایکسچینج ریٹ مستحکم ہے، ترسیلات زر،برآمدات میں اضافہ ہوگیا، موجودہ حکومت زراعت وانفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت صنعتوں کو فروغ دینا چاہتی ہے،آنےوالے برسوں میں معاشی شرح نمو 4 فیصد سے تجاوز کرجائے گی،آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان مئی میں متوقع ہے۔