شمالی وزیرستان: (بیورو رپورٹ) افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز نے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 16 اپریل کو پاک افغان سرحد پر ضلع شمالی وزیرستان کے غلام خان میں سپنکئی کے شہری علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنےوالے 7 دہشت گردوں کے گروپ کا سراغ لگایا اور گھیر لیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے وہ سرحد کے اطراف موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے۔ توقع ہے عبوری افغان حکومت ذمہ داریاں پوری کریگی اورپاکستان کےخلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کا استعمال روکے گی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اپنی سرحدیں محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں۔
افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، 7 دہشت گرد جہنم واصل
















