اسلام آباد: (بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ججزخط ازخود نوٹس کیس میں فل کورٹ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے ریمارکس دئیے عدلیہ کی آزادی پر زیرو ٹالرنس ہے،کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بنچ نے ازخود نوٹس کیس پر سماعت کی،چیف جسٹس نے کہاسماعت کا آغاز کیسے کریں؟ پہلے پریس ریلیز پڑھ لیتے ہیں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حامد خان سے مخاطب ہو کر سوال کیا آپ نے کوئی درخواست دائر کی ہے تو کمیٹی کو بتائیں ،وکیل حامد خان نے کہا لاہورہائیکورٹ بار کی طرف سے پٹیشن دائر کی گئی،چیف جسٹس نے کہا حامد خان آپ سے زیادہ قانون کون جانتا ہے، وہ زمانے چلے گئے جب چیف جسٹس کی مرضی ہوتی تھی، اب 3رکنی کمیٹی کیسز کا فیصلہ کرتی ہے، کمیٹی کو عدالت کا اختیار استعمال کرنا چاہیے نہ عدالت کو کمیٹی کا اختیار استعمال کرنا چاہیے،پٹیشنز فائل ہونے سے پہلے اخباروں میں چھپ جاتی ہیں، کیا پریشر کےلئے ہے؟ میں تو کسی کے پریشر میں نہیں آتا، نئی چیز شروع ہو گئی، وکیل کہہ رہے ہیں از خود نوٹس لیں،از خود نوٹس لینے کی بات کرنے والے کو وکالت چھوڑ دینی چاہیے۔
چیف جسٹس نے کہاکمیٹی کو عدالت اور عدالت کو کمیٹی کے کام میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، ہم گوبلز کا زمانہ واپس لا رہے ہیں، پروپیگنڈا! (جوزف گوبلز ہٹلر کا پروپیگنڈا وزیر تھا)،جمہوریت کا تقاضا ہے آپ مان لو مخالف جیت گیا، میں انفرادی طورپر وکلا سے نہیں ملتا، بارنمائندے کے طورپر ملتا ہوں۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے خط کے بعد کے اقدامات کی تفصیل عدالت میں پڑھ کر سنائیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا جس دن خط ملا اسی دن تمام ججز سے اڑھائی گھنٹے میٹنگ ہوئی، دنیا بھر پر انگلیاں اٹھاتے ہیں، خود پر پہلے انگلیاں اٹھانی چاہئیں، اپنی اصلاح پہلے کرو پھر دوسرے کو کچھ کہو،پہلے ہوتا تھا چیمبر میں آ گئے، کیس لگ گیا، کھڑے ہو گئے، کیس لگ گیا، اب سیدھا چلیں گے، عدلیہ کی آزادی پر زیرو ٹالرنس ہے، کام تو کرنے دیں، ججز کی میٹنگ چیف جسٹس کے گھر ہوئی اگر معاملے کو التوا میں ڈالنا ہوتا تو میٹنگ رمضان کے بعد ہو سکتی تھی۔
جسٹس قاضی فائز نے ریمارکس دیئے عدالت کی آزادی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، کم از کم میں تو ایسا نہیں کر سکتا، ہو سکتا ہے کوئی اور یہ کام بہتر کر سکتا ہو لیکن ہمیں دیکھ تو لیں، 4 سال فل کورٹ میٹنگ نہیں ہوئی، کہاں تھے سارے وکیل؟ میں کسی پر انگلی نہیں اٹھا رہا لیکن بتا رہا ہوں اگر عدلیہ پر حملہ ہو گا تو میرے سارے ساتھی میرے ساتھ کھڑے ہوں گے،فل کورٹ ایڈمنسٹریٹو فنکشن ادا کرتی ہے، جوڈیشل فنکشن نہیں ، وزیر اعظم، وزیر قانون ،اٹارنی جنرل سے ملے، چیف جسٹس ،سینئرجج نے ایگزیکٹو سے ایڈمنسٹریٹولی ملاقات کی۔
اٹارنی جنرل نے کہا میں نے چیف جسٹس کا پیغام پہنچایا تو وزیر اعظم نے کہا پہلی فرصت میں ملنا چاہتے ہیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا عدلیہ کی آزادی پر کسی قسم کا حملہ ہو گا تو سب سے پہلے میں اور میرے ساتھی کھڑے ہوں گے، عدلیہ کے کام میں مداخلت پسند نہیں کرتے اگر کسی کا اور ایجنڈا ہے میں ایسا کروں یا ویسے کروں تو چیف جسٹس بن جائیں، دباﺅ نہیں لیں گے، ایڈمنسٹریٹولی کام کر رہے ہیں، ایگزیکٹو سے چھپ کر گھر میں میٹنگ نہیں کی، چیمبر میں میٹنگ نہیں کی، ایڈمنسٹریٹو حیثیت میں میٹنگ کی اس میں اور قانون میں فرق واضح ہے،اٹارنی جنرل نے کہا وفاقی حکومت نے انکوائری کےلئے کوئی اقدام خود نہیں اٹھایا ، سپریم کورٹ نے 2 نام تجویز کیے تھے، ناصر الملک ،تصدق جیلانی ، تصدق حسین جیلانی سے وزیر قانون لاہور میں ملے اور بتایا آپ کا نام آیا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا چیمبر یا گھرنہیں بلکہ سپریم کورٹ میں باقاعدہ میٹنگ کی، میٹنگ میں وزیر اعظم بطور انتظامیہ سربراہ مقننہ بیٹھے تھے، میٹنگ میں دوسری جانب عدلیہ کی انتظامیہ بیٹھی تھی،اٹارنی جنرل نے کہا تصدق جیلانی نے کہا آپ ٹی او آر فائنل کر کے دیں تو جواب دوں گا، تصدق جیلانی سے دوبارہ پوچھ کر نام کا اعلان کیا گیا، حکومت نے درخواست کی تھی کمیشن کےلئے سپریم کورٹ نام دے، تاثر پیدا ہوا جیسے وفاقی حکومت کا بنایا ہوا کمیشن ہے، جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی نے پوچھا کمیشن کو کون سی جگہ دی جائے گی؟ بتایا گیا فیڈرل شریعت کورٹ کی بلڈنگ میں کمیشن کام کرے گا۔
چیف جسٹس نے کہا ہم نے ایسے نام تجویز کیے جن پر کم سے کم انگلی اٹھائی جائے، سوشل میڈیا پر عجیب عجیب باتیں ہوئیں، مجھے بڑی شرمندگی ہوئی، کسی مہذب معاشرے میں ایسی باتیں ہوتی ہیں، سمجھ نہیں آ رہا کس طرف جا رہے ہیںاگر آپ کو کوئی اختلاف ہے تو اپنی باڈیز کو لکھ سکتے تھے، تصدق جیلانی شریف آدمی ہیں، تصدق جیلانی پر حملے کیے گئے، شریف آدمی پر حملے ہوں گے تو وہ تو چلا جائےگاایسا ماحول بنایا گیا تو کون شریف آدمی ایسی قومی سروس کرے گا؟،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاجمہوریت پر یقین رکھتا ہوں، میں نے ہر موقع پر مشاورت کی ، کیا فیصلہ کر لیا ہے ملک و قوم کو برباد کرنا ہے؟ آئین کو پڑھنا چھوڑ دیا ، وزیر اعظم ایڈمنسٹریٹر ہیڈ بھی ہیں اور ایک حد تک مقننہ کے بھی،جب سے چیف جسٹس بنا کہتا ہوں اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے، سپریم کورٹ کے پاس آئین میں کمیشن بنانے کا اختیار نہیں، کمیشن بنانے کا اختیار حکومت کا ،مشورہ کیا اور نام دیئے۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا قانون انکوائری کمیشن میں حکومت کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتا، آج بھی حکومت کی پوزیشن وہی ہے، سپریم کورٹ کو ہر تعاون و معاونت فراہم کریں گے، ایک شخص مرزا افتخار نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کےخلاف وی لاگ کیا، قتل کی دھمکیاں دیں، عدالت میں معاملہ آیا ،ایف آئی اے کو انکوائری کی ہدایت کی گئی،ایف آئی اے نے دہشتگردی کی دفعات ختم کر دیں،اٹارنی جنرل نے کہا ایک طرف عدلیہ کی آزادی دوسری طرف ایگزیکٹو کی ساکھ خطرے میں ہے، یقین دلاتا ہوں وفاقی حکومت کوئی ایسا عمل نہیں کرے گی جس سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہو، عدلیہ کی آزادی ریاست و شہریوں کے درمیان سماجی معاہدہ ہے، حکومت عدلیہ کی آزادی کےلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا پریشر آپ کو کولیگ، فیملی، بچوں یا کسی دوست سے بھی آ سکتا ہے، پریشر آپ کو کسی سینئر یا جونیئر سے بھی آ سکتا ہے، سوشل میڈیا کے نام پر نئی وبا پھیلی ہوئی ہے، ہائی کورٹ کے ججز کا خط سپریم جوڈیشل کونسل کے نام ہے ،باقی ممبرز بھی ہیں، ججز کے خط کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں، خط کے کئی پہلو ہیں، خط میں سپریم جوڈیشل کونسل کا ذکر ہے،کونسل کا اختیار واضح ہے،ایک مشہور زمانہ کیس جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا تھا، سپریم کورٹ بیٹھی اور حال ہی میں فیصلہ دیا، ججز کو یقین ہونا چاہیے ان کو کوئی خطرہ نہیں ایسا نہیں اگر کوئی شکایت ہو تو وہ ججز کے گلے پڑ جائے جو لوگ چلے گئے ان پر انگلی نہیں اٹھانا چاہتا، صرف بات کرنا چاہتا ہوں،جسٹس قاضی فائز نے کہا2چیزیں ہیں، انکوائری و حقائق سامنے لانا، 2کام کون کرے؟ معاملہ ہے جیلانی صاحب کے کمیشن کا یا پولیس کرے یا ایف آئی اے کرے، ایجنسیاں کریں، نہیں چاہتے تھے انکوائری دیگر ادارے کریں، چاہتے تھے وہ تحقیقات کرے جو معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہیں، اب معاملے کی تحقیقات کون کرے سب سے بڑا سوال ہے۔
جسٹس قاضی فائز نے کہاجسٹس (ر) عمر عطا بندیال کے بعد سینئر جج میں تھا، پھر سردار طارق پھر اعجازالاحسن تھے، میرے سیکرٹری نے کہا اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز آپ سے ملنا چاہتے ہیں، کبھی کسی جج کو منع نہیں کیا وہ توہین عدالت کی کارروائی نہ کرے اگر کوئی بھی جج کے کام میں مداخلت کرے یقیناً توہین عدالت کی کارروائی کریں، میں نے پوچھا کب ملنا چاہتے ہیں؟ تو بتایاوہ گھر کے باہر کھڑے ہیں،کسی کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کےلئے سپریم کورٹ کی اجازت چاہیے نہ جوڈیشل کونسل کی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط چیف جسٹس بندیال کے پاس آیا تھا، انہوں نے مجھے اور نہ میرے بعد سینئر جج سردار طارق کو میٹنگ میں بلایا، جسٹس بندیال نے جسٹس اعجازالاحسن کو میٹنگ میں بٹھایا، ہمیں نہیں بتایا گیا، توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار آئین نے دیا۔
چیف جسٹس نے کہا کوئی قانون توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار کمزور نہیں کر سکتا جس جج پر معاملہ ہو وہ خود توہین عدالت کی کارروائی کر سکتا ہے، دوسری عدالت کسی عدالت کی توہین عدالت کے اختیار کا استعمال نہیں کر سکتی، میں کسی اور عدالت کا توہین عدالت اختیار استعمال نہیں کر سکتا اگر سول جج کی توہین ہو رہی ہے تو اس کا اپنا اختیار ہے، اگر ہائی کورٹ کے جج کی توہین ہے تو اس کا اپنا اختیار ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہمارا کام نہیں کسی کی بے عزتی کریں، معاشرے میں بہت گند آ گیا، غلط کام کریں گے تو آپ کو پکڑیں گے، نظام تب چلے گا جب ہر کوئی اپنا کام کرے گا،الیکشن کامعاملہ پاس آیا،شرطیں لگی تھیں الیکشن نہیں ہو گا، میں نے کہا تھا کام الیکشن کمیشن کا ہے،اپنا کام کیااوراداروں سے ان کا کام کرایا، جب سے چیف جسٹس بنا ہوں کوئی نہیں کہہ سکتا میرے کام میں مداخلت ہو رہی ہے، وکیل میرے پاس کیوں آ رہے ہیں؟ اپنے متعلق فورم پر جائیں، 300 وکلا کا بغیر دستخط والا خط چلایا گیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے خط میں کہا گیا عدلیہ کے ادارے کے جواب کی ضرورت ہے اس سے زیادہ ادارے کی جانب سے رسپانس نہیں دیا جا سکتا، فوری وزیر اعظم سے ملا، فل کورٹ کی 2 میٹنگز ہوئیں، عدالت میں وزیر اعظم کو نہیں بلا سکتے، آئین میں استثنیٰ حاصل ہے، نوٹس دیں گے تو سیکرٹری آ جائے گا، میں نے وزیر اعظم کو بلا کر ملاقات کی اور واضح پیغام دیا عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، ہمارا کام نہیں کسی کی عزت اچھا لیں، ایک طرف پارلیمان ہے، دوسری طرف صدر اور تیسری طرف حکومت بیٹھی ہے، سب کا احترام کرتے ہیں اور سب سے احترام کی توقع کرتے ہیں، غلط کام کریں گے تو فوراً پکڑیں گے،چیف جسٹس نے کہا ہم تو اپنا احتساب کر کے دکھا رہے ہیں،سابقہ کیسز میں غلطیوں کوتسلیم کیا، میں اپنے ججز کے ساتھ کھڑا ہوں اگر کسی جج پر کوئی چیز ثابت نہیں تو میں قابل احترام مانتا ہوں،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا شتر مرغ کی طرح ریت میں گردن چھپا کر اہم معاملے سے نہیں بچ سکتے، سول جج پر دباﺅ آئے توکیسے محفوظ کرنا ہو گا،سنجیدہ معاملہ حل کرنا ہو گا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا سب کو پتہ ہے کیا ہو رہا ہے، مگر سب تاثر دے رہے ہیں کچھ نہیں ہو رہا، اٹارنی جنرل صاحب! آپ یہاں کھڑے ہو کر بیان جاری نہیں کر سکتے، ملک میں سیاسی انجینئرنگ ہوتی رہی اور تاثر ہے سپریم کورٹ بھی ملوث رہی ، خط میں جج کہہ رہے ہیں سیاسی انجینئرنگ اب بھی جاری ہے، ججز نے جو انگلی اٹھائی وہ ملک میں مداخلت کے کلچر کی ہے اور یہ سب سے اہم سوال ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ججز بھی چاہتے ہیں انکوائری ہو،جسٹس اطہر من اللہ نے کہااپنی آنکھیں بند نہیں کر سکتے، بہت کچھ ہو رہا ہے، 2017 سے سب چلتا آ رہا ہے، ماضی کو نہ کھولا جائے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا میرے وقت میں کچھ ہوا تو میں برداشت نہیں کروں گا، مجھے نشاندہی کرائی جائے اور بتاﺅں گا میں کیا کرتا ہوں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا اس وقت کے چیف جسٹس کےخلاف کچھ عرصہ قبل ریفرنس آیا تھا، ریفرنس سپریم کورٹ سے خارج ہو گیا،تب کے وزیر اعظم نے کہا ان سے غلطی ہوئی تھی جو کرائی گئی ، کیا آپ نے معلوم کیا وہ غلطی کس نے اور کیوں کی تھی، کیا وہ معاملہ عدالت میں مداخلت کا نہیں تھا، پوچھیں اس وقت کے وزیر اعظم سے وہ کیا اور کیوں تھا؟۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہر ہائی کورٹ کے پاس اپنی پاور ہے وہ استعمال کریں ناں، ہائیکورٹس کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہ رہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا 7 جج اس لیے بیٹھے ہیں کیونکہ صرف 7 جج ہی اسلام آباد میں دستیاب تھے دیگر ججز اسلام آباد میں نہیں اس لیے فل کورٹ نہیں بیٹھا، کچھ ججز لاہور اور کچھ کراچی میں ہیں، ہو سکتا ہے آئندہ فل کورٹ بیٹھے،کب تک ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھائیں گے، ملک آپ کا بھی ہے اور میرا بھی، آگے چلتے ہیں، بہتری کی طرف چلتے ہیں، ہر موڑ پر سنجیدگی ہے، کچھ نئی پٹیشنز آ رہی ہیں، آرٹیکل 203 بہت اہمیت کا حامل ہے، آئین میں کسی عدالت کو دوسری پر برتری نہیں ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا6 ججز کہہ رہے ہیں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو کہا مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، ہائی کورٹ کے پاس اپنے اختیارات ہیں، چیف جسٹس ہائیکورٹ کیوں استعمال نہیں کر رہے؟ مداخلت نہیں کرنا چاہ رہے مگر اختیارات سے آگاہ تو کر سکتے ہیں،بعدازاںسپریم کورٹ نے6 ججز کے خط پر از خود نوٹس کیس پر سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔
دل کے مریضوں کیلئے طویل نیند خطرے کی علامت
محسن نقوی کی چودھری شجاعت سے ملاقات، انتظامی یونٹس بارے تبادلہ خیال
لکی مروت ، پولیس وین میں دھماکہ، دو اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی
ہرشیت رانا کی اکڑ ختم، پاکستانی کھلاڑیوں نے بولتی بند کردی
اداکار سلمان خان نے شردھا کپور سے معافی مانگ لی
مکہ معاہدہ:پاک،سعودی اور ترکیہ اہم مذاکرات 26 نومبر کو اسلام آباد میں ہوں گے
جو کانٹا برداشت نہیں کرسکتے وہ خون بہانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں: مصطفی کمال
انتخابی اصلاحات کیلئے برابری کی نمائندگی دی جائے: بیرسٹر گوہر علی خان
نیتن یاہو کا ایران پر جلد حملے کیلئے ٹرمپ پر مسلسل دباﺅ
پاکستان کے پاس دہشت گردی کے شواہد ہیں، مصدق ملک کا بھارتی میڈیا کو جواب

















