اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتوں کو آئی ایم ایف کے اہداف پورے کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کل وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، ہر وزارت کو قلیل المدت، وسط مدت اور طویل المدت اہداف دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا وزیراعظم نے وزارتوں کو اہداف کے مطابق ٹاسک دیے ہیں، ہر وزارت کو حقیقت پر مبنی اہداف دیے گئے ہیں، ٹیکنالوجی کے ذریعے وزارتوں کی کارکردگی کو جانچاجائے گا اور کابینہ اجلاس میں وزارتوں سے جواب طلبی کی جائیگی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا وزیراعظم نے وزارتوں کو آئی ایم ایف اہداف پورے کرنے کا ہدف دیا ہے، وزارت خزانہ کو مہنگائی میں کمی لانے، قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ اور ایف بی آر کی ڈیجیٹلائز کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا وزارت داخلہ کو غیر قانونی اسلحے کے خلاف کریک ڈاون کا ہدف دیا ہے جبکہ وزارت تجارت کو تجارتی خسارے کو کم کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بھی ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے بھی اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا خود احتسابی کا بھی نظام وضع کیا گیا ہے، اہداف کی نگرانی کیلئے جدید نظام وضع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور وزارتوں کو پہلی بار اہداف سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزارت نجکاری کو پی آئی اے کی نجکاری کا ہدف دیا گیا ہے، پی آئی اے سے متعلق مذاکرات کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچ چکے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری ہو گی تو حکومت کو اس مد میں ریونیو آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کی کوششوں کی وجہ سے روپیہ مستحکم اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی ہے، کوشش کریں گے کہ ایکس، فیس بک اور انسٹاگرام کے دفاترپاکستان میں کھولے جائیں۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا دنیا میں ہمارے آئی ٹی ماہرین کی مانگ ہے، پے پال جیسی سہولیات کو فعال کرنا اور ملک میں جدید ڈیجیٹل نظام لانا اہم اہداف ہیں۔
وزیراعظم نے وزارتوں کو آئی ایم ایف اہداف پورے کرنے کا ٹاسک دیدیا
















