امن و خوشحالی کیلئے علاقائی تنازعات حل کرنا ہوں گے،اسحاق ڈار

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاہے پاکستان کثیرالجہتی، امن، ترقی اور باہمی خوشحالی کا علمبردار رہے گا،علاقائی تنازعات حل کئے بغیر امن و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

اسلام آباد کی سفارتی برادری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیاگیا، تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہبازشریف تھے۔

اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا تقریب کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ اور رواداری کے پیغام کو آگے بڑھانا ہے، سفارتی برادری کی شرکت پر شکر گزار ہوں،پاکستان کثیرالجہتی، امن، ترقی اور باہمی خوشحالی کا علمبردار رہے گا،رمضان المبارک کے مہینے میں غزہ کے مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہئے، غزہ کے مسلمانوں کو 6ماہ سے بھوک و جنگ کا سامنا ہے،فوری و غیر مشروط جنگ بندی کا وقت آ گیا۔

وزیر خارجہ نے کہاسلامتی کونسل کے ایجنڈے پر فلسطین ،کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کو حل کیا جائے، ماسکو اور بشام میں ہونے والے حملے یاد دلاتے ہیں دہشتگردی پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے،امن کی جیت تک دہشتگردی کےخلاف جنگ ختم نہیں ہوگی، اقوام کے درمیان مکالمے و افہام و تفہیم کو فروغ دینے کا منفرد موقع ہے،پاکستان پوری دنیا کے امن کیلئے عالمی شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے۔