اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے کہاہے ججز کا خط چارج شیٹ،منصف اپنی داستان خود بتارہے ہیں،مداخلت سیاسی نتائج کیلئے کی گئی،بیرسٹر گوہر نے خط کی انکوائری کےلئے جوڈیشل کمیشن بنانے اور خط لکھنے والے ججز کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔
نامزد اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا 2سال سے عدلیہ میں مداخلت کا کہتے چلے آرہے تھے، جج صاحبان کو بھی اللہ نے ہمت دی، اسلام آبادہائی کورٹ اور جوڈیشری میں مداخلت ہوئی ہے، ہم مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہر ایک جج کو پریشر میں لایا گیا ، اسلام آبادہائی کورٹ کے 6جج صاحبان پریشر سے متاثر ہوئے ہیں، ایک جج صاحبان نے کہا نہیں پتہ میرے بچے کہاں ہیں، ایک جج صاحب نے کہا میرے بیٹے کا ولیمہ موخر کرایا گیا، مطالبہ کرتے ہیں ججز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاجن ججز نے خط لکھا ان کے خاندان والوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، ہم مطالبہ کرتے ہیں اس عمل کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے انکوائری ہو، سپریم کورٹ اس کی انکوائری فل اوپن کورٹ میں کرے، منصف خود انصاف کے طلبگار ہیں۔
عمرایوب نے کہا ججز کا خط پاکستان کے انتظامی امور پر چارج شیٹ ہے، جو نشانہ تھا وہ ایک شخص ہے جس کا نام قیدی نمبر 804بانی پی ٹی آئی ہے، نکتے کو تمام اسمبلیوں میں بھرپورطریقے سے اٹھائیں گے، ٹارگٹ صرف بانی پی ٹی آئی تھی،پورا سسٹم بے نقاب ہوچکا ہے،حکومت کہہ رہی ہے بیرونی سرمایہ کاری ملک میں آئے، سسٹم کےخلاف ایسی چارج شیٹ کے بعد کوئی بیرونی سرمایہ کاری نہیں آئے گی، خط میں نشانہ صرف بانی پی ٹی آئی ہے، آئین اور قانون کے مطابق ہر ادارے کو اپنے دائرہ کار میں کام کرنا چاہیے، بشریٰ ،شاہ محمود قریشی،پرویزالٰہی اورخواتین پابند سلاسل ہیں، اڈیالہ جیل میں ریڑھی والا جاسکتا ہے لیکن پی ٹی آئی کے کسی ممبر کی گاڑی سامنے نہیں جاسکتی۔
ججز کا خط چارج شیٹ،منصف اپنی داستان خود بتارہے ہیں:پی ٹی آئی
















