چھ ججوں کے خط کی اوپن کورٹ تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں کے خط کی اوپن کورٹ تحقیقات کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ میاں داودد ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی ہے۔ آئینی درخواست میں سپریم کورٹ سے بااختیار کمیشن بنا کر انکوائری کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کا خط ایک طے شدہ منصوبہ لگتا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل ایسے تنازعات کی تحقیقات کا ادارہ نہیں، ججوں کا سپریم جوڈیشل کونسل کو خط عدلیہ کو سکینڈلائز کرنے کے مترادف ہے، 6 ججوں نے اپنے خط میں بانی پی ٹی آئی کے صرف ایک مقدمے کی مثال پیش کی، بانی پی ٹی آئی کے مقدمے کے سوا ججوں نے ایک بھی مقدمے کا واضح حوالہ اور ثبوت نہیں دیا۔