اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے چینی باشندوں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت کردی۔
شانگلہ میں پیش آئے دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ کے تناظر میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف سمیت سکیورٹی ایجنسیز کے سربراہوں، وفاقی وزرا، آئی جیز و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا ملک دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کیا جائےگا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بشام واقعہ پر بریفنگ اور سکیورٹی اداروں کے سربراہوں کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے ملک بھر میں تمام چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
بعدازاں جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر ہونےوالے گھناونے حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بےگناہ متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔
پاکستان ،چینی عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیتے ہوئے شہبازشریف نے کہاپوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، قانون نافذ کرنےوالے اداروں و مقامی لوگوں نے حملے کا جواب دیا ورنہ بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہوسکتی تھیں۔ وزیراعظم کی ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہادہشتگردی بین الاقوامی خطرہ ہے، پاکستان کے دشمنوں نے ملکی ترقی روکنے کےلئے دہشت کو ہتھیار بنایا، پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا اجلاس کے شرکا نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم اور سرحد پار دہشت گردوں کےلئے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی سے نمٹنے کےلئے علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کےلئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا قوم نے پچھلی 2 دہائیوں میں ثابت قدمی سے دہشت گردی کےخلاف جنگ لڑی اور پاکستان مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہاپاکستان دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک و حوصلے کو کم سمجھا، پاکستان، عوام اور مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے، یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ملکی خوشحالی میں کردار ادا کرنے والا ہر غیرملکی شہری خصوصاً چینی شہری ملک میںمحفوظ اور محفوظ رہے، آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔
اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، ہرمشکل وقت اورعالمی فورمز پر چین نے پاکستان کی بھرپورمدد کی، سی پیک معاشی ترقی کا ضامن ہے، ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے، بشام میں افسوسناک حملے کے فوری بعد وزیراعظم نے چینی سفارت خانے کا دورہ کیا، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہےں۔
وزیر اطلاعات نے کہا چینی بھائیوں کےساتھ اظہار ہمدردی کرتے اوراپنا و دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، بشام واقعہ پر تحقیقات کےلئے جے آئی ٹی بنائی جائیگی جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے،ہر تنصیبات کے تحفظ کیلئے ہرممکن قدم اٹھایا جائےگا۔ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی سازش ناکام ہوگی،لازول دوستی قائم رہے گی، چاہتے ہیں تمام ہمسایہ ممالک کےساتھ اچھے تعلقات رہیں، امن قائم رہنا چاہئے اور بات چیت کے ذریعے معاملات حل ہوں،میرعلی واقعہ کے بعد جواب ضروری تھا۔
عطا تارڑ نے کہا چینی سفیر کے ذریعے چینی قیادت کو بھی اظہار افسوس کا پیغام بھجوایا گیا اور یقین دہانی کرائی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پاکستان پوری طرح پرعزم ہے، ایک ادارے کے ججز نے چیف جسٹس کو خط لکھا ، ججوں کے خط پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔
ملک دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کیاجائےگا ،وزیراعظم ،مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشتگرد کاخاتمہ کرینگے،آرمی چیف
















