گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ پسپا،8دہشتگرد ہلاک،2جوان شہید

گوادر،راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ پسپا،تمام 8دہشتگرد جہنم واصل ،2جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق 8دہشتگردوں کے ایک گروہ کی گوادرپورٹ اتھارٹی میں داخلے کی کوشش کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا، بروقت کارروائی میں تمام 8 دہشتگرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیزمواد بھی برآمد ہوا،2جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،شہدا میں بہار خان،عمران علی شامل ہیں،تعلق ڈی جی خان،خیر پور سے ہے۔

ترجما ن پاک فوج نے کہاسکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن واستحکام سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گی، بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دریں اثنا صدر آصف زرداری،وزیراعظم شہبازشریف نے موثر جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہابہادر سکیورٹی فورسز نے جرات و ہمت کا مظاہرہ کیا، دہشتگرد عناصر کےساتھ سختی سے نمٹیں گے،گوادر کو نشانہ بنانے والے معاشی ترقی و مہنگائی سے نجات کے عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں،بہادر بیٹے جانوں کے قیمتی نذرانے دےکر ارض پاک کا تحفظ کررہے ہیں، قوم دہشتگردی کے خاتمے کےلئے سکیورٹی فورسز کےساتھ ہے،ملک کےخلاف اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاپوری قوم دہشتگردی کی ہرشکل میں مذمت کےلئے متحد ہے،بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد قوم کے استحکام و ترقی کو نقصان پہنچانا ہے، جوان انتہا پسند عناصر کےخلاف جواں مردی سے نبرد آزما ہیں، حملے کو ناکام بنانےوالے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا سکیورٹی فورسز نے بہادری سے حملہ ناکام بنایا، دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانےوالے سکیورٹی فورسز کے اہلکار قوم کے ہیرو ہیں،ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاکامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بلوچستان سے دہشتگردی کا قلع قمع کریں گے،گورنر سندھ کامران نے کہاملکی سلامتی کیخلاف سازش کرنےوالے دہشتگرد اسی سلوک کے مستحق ہیں، پوری قوم دہشتگردوں کےخلاف سکیورٹی فورسز کےساتھ ہے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک ،2 زخمی ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا،دونوں دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے میں ما رے گئے،ہتھیار،گولہ بارود ،دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا،ہلاک دہشتگرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔